پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا کو گندم کی رسد بحال نہ کی تو صوبائی حکومت بھی پنجاب کو بجلی وگیس کی رسد منقطع کرسکتی ہے،اے این پی کی دھمکی،گندم کی رسد منقطع کرکے آئین کے آرٹیکل151کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے،پنجاب میں گندم روک اور سستی روٹی کے نام پر آٹا پنجاب میں ہی فراہم کر دیا جاتا ہے ، حق مانگیں تو غدار کا ٹھپہ لگا دیتے ہیں،ہر دفعہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت میں مسائل میں اضافہ کیا جاتا ہے،اے این پی کے رہنماؤں کی پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس

جمعرات 24 اپریل 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء)عوامی نیشنل پارٹی نے دھمکی دی ہے کہ اگر پنجاب حکومت نے صوبہ خیبرپختونخوا کو گندم کی رسد بحال نہ کی تو صوبائی حکومت بھی پنجاب کو بجلی وگیس کی رسد منقطع کرسکتی ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو گندم کی رسد منقطع کرکے آئین کے آرٹیکل151کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے،پنجاب میں گندم روک اور سستی روٹی کے نام پر آٹا پنجاب میں ہی فراہم کر دیا جاتا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں گندم کی قلت اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے،اگر حق مانگیں تو غدار کا ٹھپہ لگا دیتے ہیں،ہر دفعہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت میں خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی روک کر مسائل میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سینیٹر افراسیاب خٹک،سینیٹر الیاس بلور اور سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گندم کی نقل وحرکت پر پابندی لگا کر ان کو ان لوڈ کر رہی ہے،سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ یہ قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے،پنجاب حکومت ٹرکوں سے گندم اتار کر روک رہی ہے،انہوں نے کہا کہ یہ آئین کے آرٹیکل151کی کھلی خلاف ورزی ہے،جس پر مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت آتی ہے وہ صوبہ خیبرپختونخوا کی گندم رسد میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے،مسلم لیگ (ن) اگر پنجاب میں اکثریت رکھتی ہے تو وہ سوچے کہ وہ باقی صوبوں پر بھی وفاق کی صورت میں حکومت کر رہی ہے،دیگر صوبوں میں اجناس کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،پنجاب حکومت گندم روک کر اس کا آٹا بنا کر سستی روٹی کے نام پر پنجاب میں بھی فروخت کر دیتی ہے جس سے صوبہ خیبرپختونخوا میں نہ صرف گندم کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے بلکہ اشیائے خوردونوش کی شدید کمی پیدا ہو جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ اگر صوبے اپنے علاقوں میں پیداوار پر ہر قسم کا حق رکھتے ہیں تو خیبرپختونخوا بھی بجلی اور گیس کی پیداوار دے رہا ہے اگر پنجاب حکومت گندم کی رسد روکے گی اور اس میں رکاوٹیں پیدا کرے گی تو خیبرپختونخوا حکومت بھی پنجاب کو بجلی اور گیس کی رسد منقطع کرسکتی ہے،انکا کہنا تھا کہ جب پنجاب ایسا کوئی اقدام کرے تو وہ جائز ہے تاہم رد عمل کے طور پر اگر خیبرپختونخوا ایسا کچھ کرے تو اس پر غدار کا لیبل لگا دیا جاتا ہے،الیاس بلور نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان،راجن پور اور دیگر علاقوں میں ٹرکوں کو روک کر گندم اتاری جارہی ہے جبکہ پولیس بھاری رقوم لے کر ان کو چھوڑ رہی ہے جو ناانصافی ہے۔