سانگلہ ہل‘ محبت کی آگ نے رشتوں کا خون کردیا،دو مختلف واقعات میں 2 افراد قتل‘ بیٹی نے باپ اور بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

جمعرات 24 اپریل 2014 07:29

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2014ء) سانگلہ ہل میں محبت کی آگ نے رشتوں کا خون کردیا۔ بیٹی نے اپنے عاشق کے ساتھ شادی پر راضی نہ ہونے پر اپنے باپ اور بیوی نے دوسری شادی کرنے کی خاطر اپنے خاوند کو قتل کردیا۔ ملزم بیٹی اپنے آشناء سمیت اور ملزم بیوی گرفتار‘ مقدمات درج ملزمان خواتین نے تھانہ صدر سانگلہ ہل میں اقرار جرم کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل کے نواحی گاؤں چک پانچ رتیاں کی نازیہ شاہ اپنے گاؤں کے نوجوان محمد ارشد علی کے ساتھ محبت کرتی تھی دونوں کے درمیان پیار و محبت پروان چڑھ جانے پر نازیہ کے کہنے پر ارشد علی کے والدین نے نازیہ شاہ کے والد عابد شاہ سے اس کا رشتہ مانگا۔ اس پر عابد شاہ نے بیٹی نازیہ (ملزمہ) کا رشتہ دینے سے انکار کردیا اور واضح کردیا کہ وہ اپنی بیٹی نازیہ کی شادی کسی قیمت پر ارشد علی سے نہیں کرے گا اور انہیں گھر سے نکال دیا۔

(جاری ہے)

اس پر ملزمہ نازیہ شاہ نے اپنے عاشق ارشد علی کے ساتھ پیار میں مجبور ہوکر اپنے باپ کا خونی رشتہ بھول کر آشناء کے ساتھ مل کر رات کو سوتے وقت اپنے والد عابد شاہ کی کلہاڑی کے ساتھ گردن اڑاتے ہوئے قتل کردیا.

بعد ازاں پولیس کی تفتیش میں دونوں نے اقرار جرم کرلیا۔ قتل کی دوسری واردات میں چک 123 سرانوالی میں پانچ بچوں کی ماں شمشاد بی بی نے دوسری شادی کرنے کی خاطر اپنے خاوند نذیر جٹ کو رات کے وقت گلے میں پھندا ڈال کر مار دیا آٹھ سال قبل ملزمہ شمشاد کی شادی نذیر جٹ سے ہوئی جس کے بطن سے پانچ بچے پیدا ہوئے ملزم شمشاد نے کچھ عرصہ قبل آوارگی اختیار کرلی تھی اس کا خاوند اسے برائی کی زندگی سے منع کرتا رہتا تھا شمشاد نے کئی مرتبہ اس سے طلاق لینے کامطالبہ بھی کیا اور دوسری شادی کا اظہار کیا نذیر جٹ نے اس کی کوئی بات نہ مانی اس پر شمشاد نے چائے میں نشہ ملا کر خاوند کو پلا کر سلادیا بعد ازاں اسے پھانسی دے دی تھانہ صدر سانگلہ ہل پولیس نے شک کی بناء پر شامل تفتیش کیا تو ملزمہ شمشاد نے اقرار جرم کرلیا ملزمان خواتین اور ملزم ارشد علی کو سانگلہ ہل عدالت میں پیش کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ بھیج دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :