گوادر ، وزیراعظم کی گوادر آمد کے موقع بیورو کریسی کو ملنے والا پروٹول بلوچستان کے منتخب نمائندوٴں کو سیخ پا کرگیا ،وزیراعظم نواز شریف کی گوادر آمد کے موقع پر وزراء و مشیر بھی وہاں موجود تھے واپسی پر وزراء و مشیر ایک کوسٹر میں ائیر پورٹ کیلئے روانہ ہوئے تو کوئی اسکواڈ نہیں تھا

جمعہ 25 اپریل 2014 08:23

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء) وزیراعظم کی گوادر آمد کے موقع بیورو کریسی کو ملنے والا پروٹول بلوچستان کے منتخب نمائندوٴں کو سیخ پا کرگیا وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی گوادر آمد کے موقع پر وزراء و مشیر بھی وہاں موجود تھے واپسی پر وزراء و مشیر ایک کوسٹر میں ائیر پورٹ کیلئے روانہ ہوئے تو کوئی اسکواڈ نہیں تھا کوسٹ گارڈ کے افسران کی گاڑی آگے جارہی تھی کوسٹر کے ڈرائیور نے گمان کرلیا کہ شاید وزراء کے اسکواڈ میں ہے اس نے کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے پیچھے جانا شروع کیا کوسٹ گارڈ افسران کی گاڑی اپنے ہیڈ کوارٹر پہنچی تو پیچھے آتی کوسٹر کو دیکھ کر حیران ہوئے اور دریافت کیا کہ آپ کیسے ؟تو کوسٹر میں موجود وزراء نے بتایا کہ ہم سمجھے آپ ہماری حفاظت پر مامور ہیں اور ہمیں ائیر پورٹ چھوڑنے جارہے ہیں تو موجود افسران نے واضح کیاکہ آپ لوگوں کو غلط فہمی ہوئی ہے ہم تو اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد دفتر آئے ہیں وزراء و مشیروں کو اس پر نہ صرف حیرانی ہوئی بلکہ غم و غصہ کا اظہار بھی کیا گیا بہر کیف وہاں سے ائیر پورٹ کیلئے روانہ ہوئے تو راستے میں چیف سیکرٹری و دیگر بیورو کریٹس کے پروٹول کو دیکھ کر وزراء و مشیر سیخ پا ہوگئے یاد رہے کہ بلوچستان میں منتخب نمائندوٴں کو روز اول سے یہ شکوہ رہا ہے کہ اصل حکمرانی بیورو کریسی کی ہے جو بے قابو ہے اور چیف سیکرٹری کو تو منتخب نمائندے وائسرائے تک کا لقب دے چکے ہیں ذرائع کے مطابق وزراء میں عبدالرحیم زیارتوال ،حامد خان اچکزئی ،نواب محمد خان شاہوانی ،مشیرخزانہ میر خالد خان لانگو ،حاجی اکبر آسکانی و دیگر شامل تھے جنہیں سی ون تھرٹی طیارے میں جس طرح لے جایا گیا اس پر بھی وزراء و مشیروں کے تحفظات ہیں ۔