کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے، کے ایس ای100انڈیکس معمولی اضافے سے28700پوائنٹ کی سطح پر ہی بند ہوا

جمعہ 25 اپریل 2014 08:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25اپریل۔2014ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز رونما ہونیوالی مندی کے اثرات جمعرات کو زائل ہوگئے تاہم کے ایس ای100انڈیکس معمولی اضافے سے28700پوائنٹ کی سطح پر ہی بند ہوا، کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا لیکن اس کے باوجودبدھ کے مقابلے میں کاروباری حجم 21.77فیصد کم رہا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں سرمایہ میں 9 ارب سے زاید روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے سرگرم شیئرز میں کی جانے والی خریداری کے باعث ایک موقع پر100انڈیکس28900کی نفسیاتی سطح کو عبور بھی کرگیا اور مارکیٹ میں 190پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی لیکن منافع کے حصول کی کاطر جلد بازی میں شیئرز کی فروخت کی وجہ سے بلندیوں کی جانب جاتی ہوئی مارکیٹ میں اچانک بریک لگ گیا اورحصص مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور پاور سیکٹر میں فروخت کا دباؤ آنے سے بدھ کے مقابلے میں مارکیٹ80پوائنٹس کے خسارے میں چلی گئی تاہم کاروبار کے اختتام پرسیمنٹ،فرٹیلائزر،بینکنگ سیکٹر میں ہونے والی خریداری سے مارکیٹ کا اختتام مثبت زون میں ہوا۔

(جاری ہے)

کے ایس ای 100 انڈیکس 69.55 پوائنٹس کے اضافہ سے 28786.74 پوائنٹس پر بند ہوا۔ جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 63.55 پوائنٹس کی تیزی سے 20025.62 پوائنٹس، آل شیئر انڈیکس میں 27.48 پوائنٹس بڑھ کر21511.15پوائنٹس پر بند ہواتاہم کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 36.09 پوائنٹس کی کمی کے بعد45705.44پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 357 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 167 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 178 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مجموعی طور پر 21 کروڑ 67 لاکھ 73 ہزار 740 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ بدھ کو 27 کروڑ 71 لاکھ 2 ہزار 670 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 9 ارب 29 کروڑ 49 لاکھ 24 ہزار 899روپے بڑھ کر 68 کھرب 99 ارب 68 کروڑ 76 لاکھ 49 ہزار 512 روپے ہو گیا۔ سب سے زیادہ کاروبار میپل لیف سیمنٹ کمپنی کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 4 لاکھ 19 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 30.50 روپے سے شروع ہو کر30.44 روپے پر بند ہوئی۔

سب سے زیادہ تیزی رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 116.67 روپے کے اضافہ سے 10416.67 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح باٹا پاکستان کے حصص کی سودے بھی 32 روپے کی تیزی سے 3443 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی نیسلے پاکستان اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 125 روپے کی مندی سے 7900 روپے اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 49.57 روپے کی کمی سے 941.93 روپے رہ گئی۔

متعلقہ عنوان :