نیوی اور متحدہ عرب امارات نیول فورسز کے درمیان بحری مشق نصل البحر ، بحیرہ عرب میں اختتام پذیر

ہفتہ 26 اپریل 2014 07:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء )موجودہ دور کی بحری قوتیں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے موجود غیر روایتی خطرات اور عہدِ حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے وسائل کے تبادلے اور قواعد و ضوابط کی پابندی پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔ ان چیلنجز اور خطرات میں دہشت گردی ،بحری قزاقی، منشیات، اسلحے اور انسانوں کی سمگلنگ شامل ہے جو میری ٹائم ماحول کو بری طرح متا ثر کر رہے ہیں۔

پاکستان نیوی شمالی بحیرہ عرب کے اہم خطے میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز میں مصروف ِ عمل ہے جس سے بحری حدود میں نظم و نسق کا قیام عمل میں لاکر ملکی اور بین الاقوامی معیشت کو فروغ دیا جاتا ہے۔ پاک بحریہ کے دفاعی تعاون کے سلسلے میں علاقائی اور عالمی بحری قوتوں سے تعلقات ملکی خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان بحریہ اور متحدہ عرب امارات نیول فورسز کے درمیان مشق نصل البحر کے انعقاد کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ کرنا، زیادہ سے زیادہ تکنیکی تبادلے کے ذریعے تربیت کے اعلٰی معیار کا حصول، میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے سلسلے میں وسیع تربیتی مواقعوں کی فراہمی اور تکنیکی مہارت کی مزید بہتری شا مل ہے ۔

اس مشق کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے سمندر اور خشکی پرمختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں بحری قزاقی کے خلاف آپریشنز، سمندر میں جدیدخطرات سے نمٹنے کی مشق ،سطح ِسمندر کی جنگی مشقیں، میری ٹائم ائیر آپریشنز، حقیقی منظر نامے پر مبنی مشقیں ،ٹیکٹیکل گیمز اور سرچ اینڈ ریسکیو مشقیں شامل تھیں۔ خطے کی موجودہ سیاسی اور جغرافیائی صورت ِحال میں پاکستان بحریہ اور متحدہ عرب امارات نیول فورسز کے درمیان مشترکہ مشق کا انعقاد بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔