تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخواہ میں موجود قانون میں 25 سے زائد ترامیم کرکے تبدیلی کا آغاز کردیا ہے ،اسد قیصر

ہفتہ 26 اپریل 2014 08:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخواہ میں موجود قانون میں 25 سے زائد ترامیم کرکے تبدیلی کا آغاز کردیا ہے ، یہ تبدیلی آئندہ عام انتخابات میں پورے ملک میں تحریک انصاف کی کامیابی کی ضامن بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی کے مقامی لان میں تحریک انصاف کے 18 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تبدیلی کے نظام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وہاں موجود ہماری حکومت کی ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے۔ قانون میں کی جانے والی تبدیلیوں سے اب تمام سرکاری ملازمین پابند ہوگئے ہیں کہ وہ عوام کے کام قانون کے مطابق فوری حل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو مضبوط بنانے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت نے تبدیلی کے عمل کو نافذ کردیا ہے۔

کے پی کے کی حکومت نے اپنے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی ہے۔ ہم صوبے میں مضبوط بلدیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں، جس سے عوام کا ہر مسئلہ حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 18 برس قبل جس پودے کی بنیاد رکھی تھی آج وہ تناور درخت بن چکا ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ عمران خان ہی ان کے مسائل کو حل کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ خیبر پختونخواہ میں امن کے قیام کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان اور پارٹی کے ویژن کو عام کریں۔ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی بھی تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور کراچی کے عوام بھی عمران خان کے چاہنے والے ہیں۔ 2013ء کے انتخابات میں کراچی کی عوام نے بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیئے اور دھاندلی کے ذریعے ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 18 برس قبل عمران خان نے اس جدوجہد کا آغاز کیا، آج اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لئے جدوجہد کا سفر جاری رکھے گی۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج سیاست میں رئیل اسٹیٹ کا پیسہ آچکا ہے جو اپنا کنٹرول چاہتا ہے۔

سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر نکاح اور طلاق کا کھیل کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا پیغام امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی غفلت کے باعث پورا سندھ برباد ہوچکا ہے اور آج کراچی امن کو ترس رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید حفیظ الدین، نجیب ہارون، ثمر علی خان اور دیگر نے کہا کہ آج ہم پارٹی کے 18 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ کراچی اور سندھ بھر میں عمران خان اور پارٹی کے پیغام کو عام کریں گے اور پارٹی کو مضبوط ومنظم بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تقریب میں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا تو کارکنان نے حسب روایت کیک کا منٹوں میں صفایا کردیا گیا۔ اس کے بعد آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آتش بازی کرنے کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تاہم بھرپور احتجاج کے بعد پولیس نے حراست میں لئے گئے افراد کو رہا کردیا۔

متعلقہ عنوان :