اب دہشتگردوں سے مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا ہے،شرجیل انعام میمن، وفاقی حکومت عوام کو مزید بیوقوف بنانے کی بجائے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرے۔ دہشتگردو اس وقت سرکاری اہلکاروں اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اہلکاروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم کسی صورت ان کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 26 اپریل 2014 08:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اب دہشتگردوں سے مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ وفاقی حکومت عوام کو مزید بیوقوف بنانے کی بجائے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرے۔ دہشتگردو اس وقت سرکاری اہلکاروں اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اہلکاروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم کسی صورت ان کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ وہ جمعہ کو کراچی کے علاقے گذری میں ہونے والے بم دھماکے کے جائے وقوعہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ کا دروہ کیا اور اس سانحہ میں زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال روانہ کروایا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے اس طرح کے جب بھی دھماکے ہوتے تھے تو اس کی ذمہ داری قبول کی جاتی تھی لیکن اب بھی دھماکے ہوتے ہیں لیکن اس کی کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بم دھماکے میں سرکاری گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب دہشتگرد سرکاری اداروں اور امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کو مذاکرات کے نام پر مزید بیوقوف بنانا چھاڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ اب مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا ہے اور اب وقت ان دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بات چیت کا سلسلہ فوری طور پر ختم کرے اور ان دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کرے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ گذشتہ روز بھی سرکاری افسر کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور آج بھی اس سانحہ میں سرکاری گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سانحات کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو سندھ حکومت معاوضہ دے گی اور اس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ کراچی میں ٹارگٹڈ ایکشن کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم ان دہشتگردوں کے آگے نہیں جھکیں گے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور یہ ٹارگٹڈ ایکشن جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :