وفاقی ٹیکس محتسب اسلامی دنیا کی سطح پر محتسبان کے فورم کے قیام کیلئے متحرک ہوگیا،دوروزہ کانفرنس 28اپریل سے کرنے کا اعلان،24ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی ، ترکی ،سعودی عرب، ایران ،انڈونیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں،ٹیکس محتسب کی سالانہ رپورٹ مکمل کرلی، جلد صدرکو بھجوایا جائے گا، اس کے بعد رپورٹ کو عام کردیا جائے گا،وفاقی ٹیکس محتسب چوہدری عبدالرؤف کی پریس کانفرنس

اتوار 27 اپریل 2014 08:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء) وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ اسلامی دنیا کی سطح پر محتسبان کے فورم کے قیام کیلئے متحرک اور فعال ہوگیا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک دوروزہ کانفرنس 28اپریل سے منعقدکررہا ہے جس میں دنیا کے 24ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے جن میں ترکی ،سعودی عرب، ایران ،انڈونیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں اور وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے سالانہ رپورٹ مکمل کرلی ہے جس کو جلد ہی صدرکو بھجوایا جائے گا اور اس کے بعد رپورٹ کو عام کردیا جائے گا۔

ہفتہ کے روز پریس انفارمیشن دیپارٹمنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی ٹیکس محتسب اسلام آباد میں 28 ‘ 29 اپریل کو او آئی سی کے محتسبان کی نیٹ ورکنگ کے حوالے سے اسلامی ممالک کی دو روزہ کانفرنس منعقد کررہا ہے جس کے لئے 27 ممالک کو دعوت نامے ارسال کئے گئے تھے جبکہ 24 ممالک شرکت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی‘ سعودی عرب‘ ایران‘ افغانستان‘ انڈونیشیا ‘ بنگلہ دیش‘ قطر اور دیگر اہم ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ کانفرنس کا مقصد اسلامی سربراہی کانفرنس (او آئی سی )کے ممالک کے محتسبان کے درمیان رابطوں کا فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی محتسب ایسوسی ایشن اور عالمی محتسب فورم بھی موجود ہے تاہم اسلامی ممالک میں ایسا کوئی فورم موجود نہیں ہے لہذا خواہش ہے کہ ایسا کوئی اسلامی فورم تشکیل دیا جاسکے۔

روؤف چوہدری نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنی سالانہ ٹیکس محتسب رپورٹ مکمل کرلی ہے جس کو جلد ہی صدرکو بھجوایا جائے گا اور اس کے بعد رپورٹ کو عام کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کل بارہ محتسب کام کررہے ہیں جن میں سے پانچ وفاقی سطح کے ہیں ان محتسبان کو اکٹھا کرکے آپس میں مربوط کرنے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب فورم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس کا مقصد اسلامی ممالک کے محتسبان کا ایک فورم تشکیل دے کر اسلامی ورثے کے مطابق قاضی اور عدل کے نظام کی پیروی کرنا ہے۔

رؤف چوہدری نے بتایا کہ مہمان وفود کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جس کیلئے تمام سکیورٹی اور داخلہ اداروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے بنیادی صارف صنعت کار اور ٹیکس دہندگان ہیں۔ وفاقی محتسب سالانہ 35 ہزار شکایات موصول کرتا ہے جبکہ اسلام آباد کے علاوہ دیگر 9 شہروں میں اس کے دفاتر موجود ہیں ملتان اور سکھر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے مشیر موجود ہیں جبکہ دفاتر قائم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2012 ء میں سولہ سو شکایات رجسٹرڈ ہوئیں جن میں سے 80 فیصد کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گزشتہ برس 1900 شکایات وفاقی ٹیکس محتسب کو موصول ہوئیں جن میں ساٹھ فیصد سے زائد شکایات انکم ٹیکس‘ سیلز ٹیکس اور ٹیکس ریفنڈ کے حوالے سے تھیں۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے بتایا کہ دو روزہ کانفرنس میں ترکی‘ سعودی عرب‘ ایران‘ افغانستان‘ انڈونیشیا ‘ بنگلہ دیش‘ قطر اور دیگر اہم ممالک سے بھرپور شرکت کیلئے آرہے ہیں۔

ان وفود میں دو سابق وزراء اعظم بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے دوران تین ورکنگ گروپ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ہر ورکنگ گروپ کو مختلف امور پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اس طرح او آئی سی رکن ممالک کے محتسبان کی نیٹ ورکنگ کے سلسلے میں ادارہ جاتی طریقہ کار پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ جبکہ کانفرنس کے دوران ایک قرار داد کے ذریعے او آئی سی رکن ممالک کے محتسبان کی نیٹ ورکنگ کے فروغ پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

کانفرنس کے آخری روز کئے گئے فیصلوں کا اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔ پاکستان کے ادارہ محتسب کا ماڈل دیگر ممالک سے خاصا بہتر ہے دوسرے ممالک میں صرف ایک ہی محتسب ہے جبکہ پاکستان میں مختلف نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے مختلف محتسب کام کررہے ہیں جن میں ٹیکس ‘بینکنگ ‘ انشورنس ‘ سول انتظامیہ ‘ صوبائی معاملات‘ جنسی تفریق اور تمام کام کی جگہوں پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملات وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن میں عالمی سطح پر دنیا بھر کی قوموں کو نئے مسائل سے دو چار کردیا ہے۔ ایسے میں ہماری یہ خواہش ہے کہ محتسب کا ادارہ بھی ٹیکنالوجی کے فروغ کو اپنا کر جدید ترین خطوط پر استوار ہو۔ پاکستان اس حوالے سے نمایاں پیش رفت کا حامل ہے جو ہم دوسروں کو بھی فراہم کریں گے۔ ہم نے پاکستان میں اپنے تمام محتسبان کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کیا ہے جو کہ فورم آف پاکستان اومبڈس مین کہلاتا ہے۔ یہ 2011 ء میں قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد یکساں طور پر کارکردگی کو بہتر بنانا اور بہتری خدمات کی فراہمی ہے۔

متعلقہ عنوان :