جی 7 تنظیم نے یوکرین بحران پر روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کر لیا، روس نے جنیوا معاہدے کے تحت کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ، روس پر اضافی پابندیاں تیزی کے ساتھ عائد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے؛جی 7 تنظیم کا مشترکہ بیان

اتوار 27 اپریل 2014 08:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء )یوکرین کے بحران پر ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی 7 نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، روس نے جنیوا معاہدے کے تحت کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ، اس لیے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ روس پر اضافی پابندیاں تیزی کے ساتھ عائد کی جائیں۔جی 7 تنظیم کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی سوموار سے عائد کی جا سکتی ہیں،تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین کس قسم کی مزید پابندیاں عائد کرنے والے ہیں۔

روس کے خلاف ابھی جو پابندیاں عائد ہیں ان میں اثاثے کے منجمد کرنے اور وہاں کے حکام کے دوروں پر پابندیاں شامل ہیں جس سے متعدد روسی حکام متاثر ہوئے ہیں۔دوسری جانب امریکہ کی وزارت دفاع پنٹاگون کے ترجمان نے روس سے کشیدگی کم کرنے کے لیے کہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بیان سات ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی 7 کے بیان کے بعد آیا ہے جس میں انھوں یوکرین معاملے پر روس پر پابندیاں لگانے کی بات کی ہے۔

سلووینسک میں یرغمال بنائے گئے مصبرین کی رہائی کے لیے باغیوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ادھر امریکہ کے مطابق روسی جنگی ہوائی جہازوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں متعدد بار یوکرین کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔روس نے یوکرین سے ملحق اپنی سرحدی پر لاکھوں فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور اس دوران روس کے حامی علیحدگی پسندوں کی جانب سے مشرقی یوکرین کے درجنوں قصبوں میں سرکاری عمارات پر قبضہ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما اور یورپی رہنماوٴں نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے یوکرین کے بحران کے حل کے لیے مجوزہ منصوبے پر عمل نہ کیا تو اس پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔دوسری جانب روس نے الزام عائد کیا ہے کہ مغرب یوکرین پرقبضہ کرنا چاہتا ہے۔پینٹاگون سے جاری ایک بیان میں کرنل سٹیون نے امریکہ کے مطالبے کو دہرایا کہ روس حالات کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ نے روسی حکام کو بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل اپنے روسی ہم منصب سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن تاحال اس بارے میں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔امریکی وزیرِ دفاع نے یوکرین کی سرحد کے قریب روسی سرگرمیوں کو اشعال انگیز قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :