برطانوی اور آسٹریلوی بحریہ کی مشترکہ کارروائی ، سمندر میں1032 کلوگرام ہیروئن کی اب تک کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

اتوار 27 اپریل 2014 08:09

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء )برطانوی اور آسٹریلوی بحریہ کی جانب سے کی جانیوالی ایک مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں سمندر میں1032 کلوگرام ہیروئن کی اب تک کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے ، یہ بات لندن میں وزارت دفاع نے گزشتہ روز بتائی ہے ۔اس منشیات ، جس کی منڈی میں تخمینہ لاگت 140ملین پونڈ(170ملین یورو،735ملین ڈالر)بنتی ہے ، کینیا اور تنزانیہ کے قریب مشرقی افریقہ کے ساحل سے قریباً30میل(48کلومیٹر)دور ایک ڈھو یا سیل بوٹ سے پکڑی گئی ہے ۔

کموڈور جیریمی بلینڈین جو کہ کارروائی کے برطانوی شاہی بحریہ کے کمانڈر انچارج تھے ، کہا کہ یہ منشیات کی سمگلنگ والے نیٹ ورکوں کے لئے بہت بڑھادھچکا ہے ۔یہ بحیرہ ہند میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی کارروائی کا حصہ ہے ، اس کی بدولت القاعدہ جیسی تنظیموں کو فنڈ کی فراہمی میں مدد ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

بلینڈین نے جو کہ بحرین میں مقیم ہیں ، کہا کہ یہ جنوری کے بعدسے بحری افواج کی طرف سے ہیروئن پکڑی جانیوالی چھٹی کارروائی ہے ، وہ آسٹریلوی بحری جنگی جہاز ایچ ایم اے ایس ڈارون کی قیادت کررہے تھے جو نگرانی کے اعلیٰ ٹیکنالوجی والی صلاحیتوں کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 2.4ملین مربع میل والے سمندر میں ڈھو(سیل بوٹ) کا سراغ لگانا خاصل چیلنج ہے ، بعد ازاں آسٹریلوی بحریہ کی ٹیم اس کشتی میں سوار ہو گئی اور منشیات کا سراغ لگا لیا ۔یہ منشیات پلاسٹک کے سینکڑوں تھیلوں میں سیمنٹ کے سامان کے نیچے چھپائی گئی تھی ، بعد ازاں اسے تلف کردیا گیا ۔کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) ایک بحری پارٹنر شپ ہے جس میں تیس ممالک شامل ہیں اور یہ 2.5ملین مربع میل بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کرتی ہے۔