گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم کی اپیل پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا

اتوار 27 اپریل 2014 08:03

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء)گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان کی اپیل پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا،گندم سبسڈی معاملہ پر حکومتی کمیٹی اور ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب رہے۔مذاکرات میں حکومتی کمیٹی کی جانب سے وزیربرائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر قیادت کر رہے تھے۔کمیٹی کے باقی ممبران امجد حسین ایڈووکیٹ،محمد ابراہیم،بشیر احمد خان اور مولانا عطاء اللہ شہاب شامل تھے۔

ایکشن کمیٹی کے نمائندہ ارکان میں شیخ ناصر زمانی،مولانا عبدالسمیع اور مزرا حسین شامل تھے۔ایکشن کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم پاکستان کا نوٹس لینے اور فراخدلی کا مظاہرہ کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

حکومتی کمیٹی کے ارکان اور وزیربرائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے ایکشن کمیٹی کا مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے کمیٹی کو فعال بنانے پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی خصوصی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔دونوں کمیٹیوں نے اپنی سفارشات مکمل کرلیں جو کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو حتمی منظوری کیلئے بھجوائی جائیں گی۔وزیراعظم کی طرف سے حتمی منظوری کے بعد دونوں کمیٹیاں بشمول وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان کل پیر کو پریس کانفرنس کریں گی۔

متعلقہ عنوان :