2 بار عالمی چیمپئن رہنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان لاس ویگاس میں 3 مئی کو لوئی کولاز کے خلاف اپنے ویلٹر ویٹ کریئر کا آغاز کر رہے ہیں

اتوار 27 اپریل 2014 07:59

لندن( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2014ء )دو بار عالمی چیمپئن رہنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان لاس ویگاس میں تین مئی کو لوئی کولاز کے خلاف اپنے ویلٹر ویٹ کریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔اس سے قبل انھوں نے لائٹ ویلٹر ویٹ (کم وزن والے) درجے میں عالمی خطاب حاصل کیا تھا۔ ویلٹر ویٹ درمیانہ وزن سے کم ہوتا ہے اور اولمپکس نے اس درجے کو 64 کلو گرام سے 69 کلو گرام وزن کے درجے میں رکھا ہے۔

پہلے ان کی خواہش تھی کہ وہ فلوئڈ میویدر کے مد مقابل ہوتے لیکن امریکی باکسر میویدر نے ان کے بجائے ارجنٹائن کے باکسر مارکوز میدانا سے مقابلے کو ترجیح دی۔تاہم عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اس مقابلے سے میویدر کو لالچ دینے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا ’میں جو بہترین چیز کر سکتا ہوں وہ یہ ہے کہ مقابلہ کروں اور عوام کو جوش میں لاوٴں۔

(جاری ہے)

آپ مجھ سے اسی کی امید رکھیں۔

‘واضح رہے کہ بولٹن کے رہنے والے 27 سالہ عامر خان نے ایک سال کے دوران کسی سے مقابلہ نہیں کیا ہے۔

انھوں نے اس سے قبل شیفیلڈ میں گذشتہ سال اپریل میں میکسیکو کے جولیو ڈیاز سے زبردست مقابلہ کیا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ ’آپ مجھے اس وزن والے درجے سے ہم آہنگ محسوس کریں گے۔ اس سے قبل جب میں لائٹ ویلٹر ویٹ درجے میں تھا تو اپنے آپ کو مار رہا تھا جیسے میں خود سے بھی لڑ رہا تھا اور اپنے حریفوں سے بھی۔

‘انھوں نے کہا کہ ’اس درجے میں وہ زور دار مکے لگاتے ہیں اور اس کا مجھے بھی فائدہ ہوگا کیونکہ میں خود کو کمزور نہیں کر رہا ہوں گا۔ ہمیں پہلے ہی اس درجے میں آجانا چاہیے تھا۔‘پانچ درجوں میں عالمی چیمپیئن 37 سالہ میویدر اپنے ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی اے خطاب کا دفاع کر رہے ہیں۔