عوام افواء کاروں کی سازشوں پر کان نہ دھریں اور ترقی وخوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ناکام بنا دیں، رانا ثناء الله، اب پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا یہ ایشیئن ٹائیگر ضرور بنے گا ، لاہور سے کراچی تک موٹر وے اور گوادر میں اکنامک کوریڈور سے خوشحالی کے راستے کھل رہے ، شہباز شریف پارک اینڈ سپورٹس سٹیڈیم کے میگاپراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 28 اپریل 2014 08:27

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ کہ عوام افواء کاروں کی سازشوں پر کان نہ دھریں اور ترقی وخوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ناکام بنا دیں،کہ اب پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا یہ ایشیئن ٹائیگر ضرور بنے گا ۔ لاہور سے کراچی تک موٹر وے اور گوادر میں اکنامک کوریڈور سے خوشحالی کے راستے کھل رہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افردوس کالونی جھنگ روڈ میں سوا ارب روپے مالیت کی 131 کنال قیمتی اراضی پر چھ کروڑ روپے کی مالیت سے شہباز شریف پارک اینڈ سپورٹس سٹیڈیم کے میگاپراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ نوجوانوں کو اس علاقے میں مختلف کھیلوں کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے سلسلے میں ان کی محنت رنگ لائی ہے اور اس سپورٹس سٹیڈیم کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے علاقہ کی ضرورتوں کومدنظر رکھتے ہوئے قواعد و ضوابط میں نرمی کرکے قیمتی اراضی کی منظوری دی ہے جس کے ساتھ تفریحی پارک اور جوکنگ ٹریک بھی ہو گا ۔

(جاری ہے)

صوبائی بلدیات و قانون نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی پر خلوص اور پرعزم قیادت میں پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل زنجیریں اب ٹوٹنے لگی ہیں ۔امن کی راہیں ہموار اور انرجی بحران پر قابو پانے کے لئے ساڑھے 32 ارب ڈالر کی امداد سے متعدد پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے جن میں نندی پور کا بجلی گھر آئندہ ماہ پیداوار شروع کردے گا اور ساہیوال میں اگلے مہینے بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹس کا بھی سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا یہ ایشیئن ٹائیگر ضرور بنے گا ۔ لاہور سے کراچی تک موٹر وے اور گوادر میں اکنامک کوریڈور سے خوشحالی کے راستے کھل رہے ہیں ۔