لاہور میں آل پاکستان باڈی بلڈنگ مقابلے، خیبرپختونخوا سے کشور علی نے مسٹر پاکستان کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پیر 28 اپریل 2014 08:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) لاہور میں منعقدہ آل پاکستان باڈی بلڈنگ مقابلوں میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے کشور علی نے مسٹر پاکستان کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے اس کامیابی پر کشور علی، خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر سہیل بن قیوم اور سیکرٹری طارق پرویز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشور علی کے عزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کرے اور ساتھ ہی ساتھ اسکے لئے نوکری کا بھی بندوبست کرے ۔

سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کہا کہ ہمارے صوبے میں باڈی بلڈنگ کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے فنڈز اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی مایوس ہوکر دیگر کھیلوں کی طرف راغب ہوجاتے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ پشاور میں منعقدہ خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ مقابلوں میں بھی کشور علی نے سپر مسٹر خیبرپختوا کا ٹائٹل جیتا تھا اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل محمود خان ، سابق صوبائی زیر اطلاعات میاں افتخار حسین اور سیکرٹری احمد حسن بھی موجود تھے اور اس وقت بھی انہوں نے اپنے تقریر میں کہا تھا کہ کشور علی ایک دن ضرور مسٹر پاکستان بنے گا جو کہ سچ ہوگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس کامیابی پر خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن ، خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن،کشور علی اور ان کے کوچز کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ حکومت کشور علی کی مالی معاونت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے ۔ واضح رہے کہ آل پاکستان باڈی بلڈنگ مقابلوں میں پورے ملک سے تن سازوں نے حصہ لیا تھا۔ جس میں خیبرپختونخوا کے کشور علی بہترین تن سازقرار پائے ۔