پا کستان اور ایران خطے میں امن واستحکام،ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے ملکر کام کریں،سرتاج عزیز ، وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ دورہ ایران کے منتظر ہیں، دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے علاوہ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ایرانی صدر

منگل 29 اپریل 2014 10:39

تہران،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کو خطے میں امن واستحکام،ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ دورہ ایران کے منتظر ہیں، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے علاوہ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

سرتاج عزیز نے اپنے دورہ ایران کے موقع پر ایرانی صدر سے ملاقات کی ہے ۔ اس ملاقات میں پاک ایران تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،سرتاج عزیز نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایرانی صدر کو بھائی چارے دوستی اور ہم آہنگی اور خصوصاً سیاسی،سیکورٹی اور تجارت میں تعاون کے فروغ کا پیغام پہنچایا جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے ایک خط بھی ایرانی صدر کے حوالے کیا جس کے مطابق نواز شریف کے آئندہ ماہ ممکنہ طور پر دورہ ایران کے حوالے سے تفصیلات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مشیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کو خطے میں امن واستحکام،ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے،سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی مشیر خارجہ کے ہمراہ تھے اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے آئندہ دورہ ایران کے منتظر ہیں امید ہے کہ ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے علاوہ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے پاس مشترکہ مفادات کے کئی مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر دونوں ملکوں کی عوام کی ترقی اور خوشحالی یقینی بنائی جاسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے،پاک ایران سرحد پر خدشات دور کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،خطے میں ترقی،استحکام اور مسلم امہ کے اتحاد کے لئے دونوں ملکوں کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں مشیر خارجہ نے ایرانی وزیرخارجہ محمد جاوید ظریف سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفادات کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔