وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کا ایران جانے والے زائرین کیلئے خصوصی بحری سروس شروع کرنے کا اعلان

منگل 29 اپریل 2014 10:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے ایران جانے والے زائرین کے لئے خصوصی بحری سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ سروس کراچی سے ایران کی بندرگاہ ”چار بہا “ تک چلائی جائے گی۔ سروس کا آغاز اگلے ماہ کراچی سے ہوگا۔ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شروع ہونے والی اس بحری سروس کا مقصد زمینی راستوں پر ہونے والی دہشت گردی سے زائرین کو محفوظ رکھنا ہے۔

وہ پیر کو کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے ) کی جانب سے سندھ بوائے اسکاؤٹس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ دبئی ٹوئنٹی 20 ایکسپو کے سلسلے میں 2020ء تک دبئی میں 30 کروڑ افراد کے کھانا کھانے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سے دبئی اسپیڈ بوٹ سروس بھی شروع کررہے ہیں۔ اس کا مقصد پاکستان سے پکے پکائے کھانوں کی 24 سے 28 گھنٹوں میں دبئی ترسیل کرنا ہے۔

کامران مائیکل نے کہا کہ اگلے ماہ ہی وزارت پورٹ اینڈ شپنگ سری لنکا سے ایک معاہدہ کرنے جارہی ہے جس کا مقصد سری لنکا کی امپورٹ ایکپسورٹ کے لئے پاکستانی بحری جہاز استعمال کرنا ہوگا۔ اس طرح پاکستان کو کثیر منافع حاصل ہوگا۔ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد معاہدہ ہے۔ کامران مائیکل نے کہا کہ وزارت پورٹ اینڈ شپنگ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے لئے 2 نئے بحری آئل ٹینکر بھی خرید رہی ہے، جس سے قومی بحری بیڑوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کے یو جے کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے پر صدر جی ایم جمالی، سیکریٹری واجد رضا اصفہانی، پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم اور جنرل سیکریٹری امین یوسف کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صحافیوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ حکومت ان کی قدر کرتی ہے اور صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :