پیپلز پارٹی کی قیادت کو مسلسل جان کا خطرہ ہے اسلئے جب بلاول بھٹو نے پنجاب آنا ہو گا وہ آجائیں گے،یوسف رضا گیلانی ، چوہدری نثار نے میر ے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی جس ویڈیو کا ذکر کیا ہے وہ ہمیں نہیں ملی، چوہدری نثار نے ویڈیو کا بیان دیکر ہمارے کیس کو خراب کر دیاہے، سابق چیف سیکرٹری جاوید قریشی کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 29 اپریل 2014 10:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29 اپریل۔2014ء)سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میر ے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی جس ویڈیو کا ذکر کیا ہے وہ ہمیں نہیں ملی البتہ چوہدری نثار نے ویڈیو کا بیان دیکر ہمارے کیس کو خراب کر دیاہے جس سے میرے بیٹے کی رہائی میں مزید پیچدگیاں پید اہو گئی ہیں ،اب میرا مطالبہ ہے کہ حکومت وہ ویڈیو قوم کو بھی دیکھائے ،اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ علی حیدر گیلانی کی رہائی کیلئے میرے بھی طالبا ن سے مذاکرات مثبت سمت چل رہے تھے جنہیں چوہدری نثار کے بیان سے دھچکہ پہنچا ہے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو میرے پاس بھی ہے جو میرے اور طالبان کے درمیان ثالثی کرانے والوں نے مجھے دی تھی پھر میں بھی وہ ویڈیو قوم کے سامنے رکھ دوں گاجس کے بعد قوم فیصلہ کرلے گی کہ حکومت کی ویڈیو اور میری ویڈیو میں سے کون سے مستند ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سابق چیف سیکرٹری جاوید قریشی کے انتقال پر ان کے گھر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوکیا،گیلانی نے کہاکہ مجھے چوہدری نثار سے گلہ ہے کہ وہ میرے رابطے میں تھے لیکن انہوں نے اتنے حساس معاملے پر ملنے والی ویڈیو پر مجھے اعتماد میں نہیں لیا اور چند میڈیا کے لوگوں کو ویڈیو کے کچھ حصوں سے آگاہ کردیا ،انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے اپنے بیان میں طالبان کو کلین چٹ دے دی ہے کہ میرا بیٹا طالبان کے کے پاس نہیں ہے اور یہ بیان اس موقع پر دیا ہے جب طالبا ن کے رہا کئے جانے والے لوگوں کے بدلے اب ہمارے قیدیوں کی رہائی ہونی تھی،انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار کو بیان دیکر کیا فائدہ مل گیا ،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت اورفوج ایک صفحہ پر ہوتے تو انہیں یہ بیان دینے کی ضرورت پیش نہ آتی جب ہماری حکومت بھی تھی تو ہم بھی ایسے ہی بیانات دیا کرتے تھے ،انہوں نے کہاکہ مجھے ملنے والی ویڈیو میں طالبان نے کہاکہ انہوں نے علی حیدر گیلانی کو اغواء کرکے گیلانی حکومت کی طرف سے سوات مالاکنڈ آپریشن کا بدلہ لے لیا ہے حالانکہ میر ے آپریشن کو پوری قوم کی تائید حاصل تھی،انہوں نے کہا کہ حکومتی ویڈیو کو خود چوہدری نثار نے خود ہی غیر مستند قرار دے دیا ہے اور ویسے بھی ایک مغوی کا گن پوائنٹ پر لیا گیا بیان وہی ہوگا جو اغواء کار چاہیں گے،انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو مسلسل جان کا خطرہ ہے اسلئے جب بلاول بھٹو نے پنجاب آنا ہو گا وہ آجائیں گے۔