ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے، طالبان سے مذاکرات کا آغاز نیک نیتی سے کیا ہے ،وزیراعظم ،امید ہے مذاکرات سے ملک میں امن قائم ہوگا،کراچی کے امن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،بجلی کی قلت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہماری حکومت نے میڈیا کی آزادی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا،میڈیا پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، برطانیہ کے 5 روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچنے پر میڈ یا سے گفتگو ،وزیراعظم نواز شریف سے برطانیہ کی بین الاقوامی ترقی کی وزیر جسٹس گریننگ کی ملاقات ، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 30 اپریل 2014 02:30

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، طالبان سے مذاکرات کا آغاز نیک نیتی سے کیا ہے ،امید ہے مذاکرات سے ملک میں امن قائم ہوگا،کراچی کے امن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،بجلی کی قلت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہماری حکومت نے میڈیا کی آزادی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا،میڈیا پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو برطانیہ کے 5 روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچنے پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم اپنے دورے میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون،کابینہ اراکین،پاکستانی کمیونٹی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں اور سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کریں گے،وزیراعظم کا لندن پہنچے تو ہوائی اڈے پر برطانوی سیکرٹری خارجہ کے خصوصی نمائندے نکولس گرالڈ اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا،وزیراعظم کے وفد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں،وزیراعظم برطانوی ہم منصب کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں اور اپنے5روزہ قیام کے دوران وہ برطانوی ہم منصب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے،جن میں توانائی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا علاوہ ازیں وزیراعظم لندن میں سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے اوربرطانوی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع سے آگاہ کریں گے،نواز شریف برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی کے امن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کراچی میں امن بے حد عزیز ہے،ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے،کراچی میں آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت سے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں،اچھی نیت سے مذاکرات شروع کئے ہیں،پوری دنیا میں مذاکرات سے ہی مسائل حل کئے جاتے ہیں۔

پرامید ہیں کہ مذاکرات سے ملک میں امن وامان قائم ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ملک میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے،ہماری حکومت نے میڈیا کی آزادی کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا،میڈیا پر پابندی کا کوئی ارادہ نہیں ہے،بہت سے پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے،بجلی کی قلت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور مزید تعلقات مستحکم ہوں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے برطانیہ کی بین الاقوامی ترقی کی وزیر جسٹس گریننگ سے ملاقات کی ہے جس میں تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم کے دورہ برطانیہ کے پہلے روز لندن پہنچنے کے بعد برطانیہ کی بین الاقوامی ترقی کی وزیر سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلیم بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم آج بدھ کے روز اپنے برطانوی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔