لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت کے ساتھ 12سے20 گھنٹوں کی بجلی بندش نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں

بدھ 30 اپریل 2014 02:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت کے ساتھ 12سے20 گھنٹوں کی بجلی بندش نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے جلد از جلد بجلی بحران پر قابو پائے۔بہار کی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں اور آبرآلود موسم سے لطف اندوز ہونے کا وقت اب ختم ہو چکا ہے،صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہر گزرتا دن گرمی کی شدت میں اضافہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شدید گرمی میں شہر کے بیشتر علاقوں میں دس سے چودہ گھنٹے کی بجلی لوڈشیڈنگ نے گھریلو اور کمرشل صارفین کی زندگیاں عذاب بنا دی ہیں۔گوجرانوالہ،فیصل آباد،جھنگ،گجرات،میانوالی،قصور،منڈی بہاو الدین،سرگودھا سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں چودہ سے سولہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں ان دنوں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ پینے کے پانی کی قلت نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار دس ہزار دو سو اور طلب تیرہ ہزار ایک سو میگا واٹ ہے اسی طرح شارٹ فال بڑھ کر انتیس سو میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :