عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوتوں پر مبنی 210صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر تیار کرلیا ہے،عمران خان ، مڈ ٹرم الیکشن کی بات نہیں کرتے،کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا کچھ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، ماضی میں کرپٹ ڈکٹیٹر الیکشن میں دھاندلی کرواتے رہے ،وزیر اعظم کا صرف وزیر اعلیٰ پنجاب کو ساتھ لیکر بیرون ملک دوروں پر جانا جمہوریت کی نہیں بلکہ بادشاہت کی نشانی ہے، خیبر پختونخوا میں تعمیر سکول پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 1 مئی 2014 07:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوتوں پر مبنی 210صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر تیار کرلیا ہے، 11ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے،مڈ ٹرم الیکشن کی بات نہیں کرتے،کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا کچھ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، ماضی میں کرپٹ ڈکیٹیٹر الیکشن میں دھاندلی کرواتے رہے ،وزیر اعظم کا صرف وزیر اعلیٰ پنجاب کو ساتھ لیکر بیرون ملک دوروں پر جانا جمہوریت کی نہیں بلکہ بادشاہت کی نشانی ہے۔

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول دوران پور پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آثی کے چیئرمین نے خیبر پختونخوا میں تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح کردیا جس کے تحت ڈونرز اور مخیر حضرات صوبے کے سکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے انٹر نیٹ کے ذریعے آ ن لائن مالی مدد کرسکیں گے ۔

اس موقع پرتحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک، وزیر تعلیم محمد عاطف خان،صوبائی وزیر صنعت و حرفت شوکت یوسفزئی ،مشیر وزیر اعلیٰ مہر تاج روغانی،مشیر وزیر اعلیٰ قلندر لودھی، تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی،جنرل سیکرٹری خالد مسعود، ایم پی ایز ارباب جانداد،محمود جان، بیگم نسیم حیات اور ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی یونس ظہیر مہمند بھی موجود تھے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے لحاظ سے پاکستان کو دیکھتا ہوں توبڑا افسوس ہوتا ہے دنیا میں تعلیم پر سب سے کم پیسہ خرچ کرنے والے پانچ ممالک میں پاکستان بھی شامل ہیں جب ہمارے ملک میں سکولوں کا برا حال ہو گا تو ترقی ممکن نہیں انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں28ہزار سکول ہیں جس میں 14ہزار میں کمرے نہیں ،نو ہزار کی چار دیواری نہیں، آٹھ ہزار میں ٹائلٹ نہیں جبکہ آٹھ ہزار میں پینے کا صاف پانی نہیں اسی لئے یہ فیصلہ کیا کہ تعمیر سکول پروگرام شروع کیا جائے جس کے ذریعے دونرز اور مخیر حضرات سکولوں کو آ ن لائن امداد دی سکیں گے اور وہ ہر وقت اپنے دی گئی امداد کا ریکارڈ بھی چیک کرسکیں گے انہوں نے کہاکہ امداد میں ملنے والی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں جائے گی اور پیسہ مقامی پیرنٹ ٹیچر کونسل کے ذریعے خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ فی الحال 122سکول کو آ ن لائن کردیا ہے جس میں سے ایک سکول کے لئے آج تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے 25لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسرے سکول کے لئے یو بی ایل کے جنرل منیجر سید جاوید نے 25لاکھ روپے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ باقی 120سکول کے لئے بھی جلد رقم اکٹھی کر لیں گے جس کے بعد صوبے کے تمام سکولز کے لئے تعمیر سکول پروگرام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اگر 10فیصد اساتذہ سکول نہ آئے تو ساڈھے پانچ ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے جبکہ موجودہ وقت میں صوبے میں تیس فیصد اساتذہ حاضری نہیں دیتے جس کی وجہ سے تقریب 17ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے جب اساتذہ سکول نہیں آئیں گے تو والدین اپنے بچوں کو بھی سکول نہیں بھیجیں گے جس کی وجہ سے ہمارا مستقبل تباہ ہوگا اساتذہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی ڈیوٹی پورے اخلاص کے ساتھ سرانجام دے۔

انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی جیسے بڑے ادارے بھی امدادی رقوم سے کامیاب طریقے سے چلا رہے ہیں اور خیبر پختونخوا کو بھی مختلف پرواجیکٹس کے ذریعے پورے پاکستان کے لئے ماڈل صوبہ بنائیں گے انہوں نے کہاکہ آج جس پروگرام کا افتتاح کررہے ہیں ایسے سسٹم پہلے کبھی نہیں آیا اور ہمیں یقین ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے پورے صوبے کے سکولوں کو جدید سکول بنائیں گے۔

تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوتوں پر مبنی 210صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر تیار کرلیا ہے 11ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مڈ ٹرم الیکشن کی بات نہیں کرتے مگر یہ بھی نہیں مانتے کہ چار حلقوں پر اگر ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے تو باقی حلقوں کو چھوڑ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا کچھ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں کرپٹ ڈکیٹیٹر الیکشن میں دھاندلی کرواتے رہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان بھی اسی لئے ہم نے چلا گیا کہ وہ لوگ سمجھتے تھے کہ اس ملک پر پنجاب کی حکومت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے صرف وزیر اعلیٰ پنجاب کو ساتھ لیکر بیرون ملک دوروں پر جانا جمہوریت کی نہیں بلکہ بادشاہت کی نشانی ہے۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پرائمری سکول کی ایک بچی اریبہ نے اپنے سکول کے لئے پانچ سو روپے کی امداد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دی۔