مقبوضہ کشمیر : نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد پر مکمل ہڑتال، حریت کانفرنس کی ہڑتال کو کامیاب بناتے ہوئے انتخابات کو یکسر مسترد کردیا گیا ، سخت سکیورٹی حصار کے باوجود پارلیمانی حلقہ سرینگر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے ،پولنگ سٹیشنوں کو حملوں کا نشانہ بھی بنایا گیا ،ایک پولنگ ایجنٹ بھی زخمی، سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے ، متعدد مظاہرین زخمی

جمعرات 1 مئی 2014 07:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد پر مکمل ہڑتال کی گئی ۔ حریت کانفرنس کی کال پر کی گئی ہڑتال کو کامیاب بناتے ہوئے انتخابات کو یکسر مسترد کردیا گیا اور سخت سکیورٹی حصار کے باوجود پارلیمانی حلقہ سرینگر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے مظاہرین نے پولنگ سٹیشنوں کو حملوں کا نشانہ بھی بنایا ، اس موقع پر سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے ۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے پارلیمانی حلقہ سرینگر میں سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے حصار میں نام نہاد انتخابات کا انعقاد کیا گیا تاہم کشمیری عوام نے حریت کانفرنس کی کال پر مکمل ہڑتال کرتے ہوئے انتخابی ڈرامے کا بائیکاٹ کیا اور گاندر بل ، باتونیا ، کنگن چوک ، سورہ اور سالورہ کے علاوہ دیگر مقامات پر سینکڑوں افراد نے انتخابات مخالف مظاہرے کئے ۔

(جاری ہے)

سورہ میں پولنگ بوتھ پر طلباء مظاہرین نے حملہ کرکے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولنگ ایجنٹ زخمی ہوگیا سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو طلباء بھی زخمی ہوگئے دیگر مقامات پر بھی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ دریں اثناء حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، فریدہ بہن جی اور دیگرنے بھارت کے اس انتخابی ڈھونگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض فورسز کی موجودگی میں لوگوں پر جبراً انتخابات مسلط کرنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ کشمیری عوام اس ڈرامے کو فلاپ کروا کر حق خودارادیت کے حصول اور آزادی کی تحریک سے اپنی مکمل وابستگی کا کھلا ثبوت دے رہے ہیں ۔