وزیراعظم کی وطن و اپسی تک دھرنا جاری رہے گا، آمنہ مسعود جنجوعہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار اس عہدے کے اہل نہیں ہیں کہ وہ اسلام آباد کو چلائیں ان کو استعفیٰ دینا چاہیے، مظلوموں پر پولیس کی چڑھائی ، بچوں اور خواتین کی بے عزتی یہ سب کچھ چوہدری نثار کے حکم پر ہوا ،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 1 مئی 2014 07:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اس عہدے کے اہل نہیں ہیں کہ وہ اسلام آباد کو چلائیں ان کو استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ مظلوموں پر پولیس کی چڑھائی کردی گئی بچوں اور خواتین کی بے عزتی کی گئی اور یہ سب کچھ چوہدری نثار کے حکم پر ہوا ۔

ان خیالات کا اظہار منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی وطن و اپسی کا انتظار کرینگے اور ان کی واپسی تک ان کا دھرنا جاری رہے گا ۔ وزیراعظم سے ان کی امید وابستہ ہے کہ وہ انہیں انصاف فراہم کرینگے اور میاں نواز شریف سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ چوہدری نثار کو فوری طورپر ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسی طرح جنم لیتے ہیں جب کسی کے معصوم بہنوں اور ماؤں پر ظلم کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان ، سراج الحق اور خورشید شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی اور پولیس کے بے جا لاٹھی چارج اور حملے کی مذمت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی خاموشی اس حوالے سے ایک سوالیہ نشان ہے کہ مظلوموں پر اتنا بڑا ظلم ہوا اور سپریم کورٹ خاموش ہے ۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس ان مظلوموں کی آواز بلند کرتی رہے گی جب تک لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہوتے ان کا دھرنا جاری رہے گا ۔