افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے،ممنون حسین ، افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات کا کامیاب اور پرامن انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے،یواین ایچ سی آر کے ہائی کمشنر سے ملاقات

جمعرات 1 مئی 2014 07:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی پاکستان کی حکومت اور عوام کے بہترین مفاد میں ہے،صدر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی پاکستان سے اپنے وطن جلد واپسی کے لئے سازگار فضاء پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وہ بدھ کو اسلام آباد میں پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر انٹونیو گْٹیرزسے باتیں کررہے تھے۔ جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ملاقات میں پاکستان میں افغان مہاجرین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان میں یو این ایچ سی آر کے نمائندے نیل رائٹ اور جنیوا میں ڈپٹی ڈائریکٹر یو این ایچ سی آر ہیڈ کوارٹرز اندریکا راتوتی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور سیکرٹری وزارت سیفران قاسم نیاز بھی موجود تھے۔ افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے صدر نے کہا کہ گزشتہ 34 برس سے پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی خندہ پیشانی کے ساتھ میزبانی کی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات کا کامیاب اور پرامن انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے اور پاکستان خطے میں امن واستحکام کے قیام کیلئے نئی افغان قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتاہے۔

صدر نے یقین دلایا کہ پاکستان 'پناہ گزینوں کی باعزت واپسی اور افغانستان میں پائیدار طریقے سے اْن کی دوبارہ آباد کاری یقینی بنانے کیلئے پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن، عالمی برادری اور افغان حکومت کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔