مرس بیماری ،سعودی شہریوں کو اونٹوں سے دور رہنے کی ہدایت

جمعرات 1 مئی 2014 07:49

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء)سعودی عرب کے قائم مقام وزیر صحت عادل بن محمد فقیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اونٹ سے بنی مصنوعات اور اشیاء کے استعمال سے دور رہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عادل بن محمد فقیہ کا کہنا ہے کہ ماہرین صحت نے کہا ہے عربوں کی روایتی اور پسندیدہ سواری اونٹ عرب دنیا میں پھیلی بیماری '' مرس'' کے انڈوں بچوں کی آغوش بن سکتے ہیں۔

قائم مقام وزیر صحت نے سعودی مملکت کے باشندوں کو یہ ہدایت صحت کے عالمی ادارے، غیر ملکی ماہرین صحت اور ملک کے ممتاز اطباء کے ساتھ مشاورت کے بعد کی ہے۔ ماہرین کے ساتھ سعودی زعماء کی مشاورت کا یہ عمل پچھلے دو دن جاری رہا ہے۔وزیر صحت کے مطابق دنیا بھر سے آئے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران اتفاق پایا گیا ہے کہ شہریوں کو ''مرس ''کی وبا سے بچنے کیلئے اونٹوں سے خود کو دور رکھنا چاہیے، بالخصوص بیمار اونٹوں کے قریب جانے سے احتراز برتیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت کا کہنا تھا حکومت نے ایک جانب دنیا بھر کے بہترین ماہرین کی خدمات حاصل کیں اور انہیں مشورے کیلئے اپنے ہاں بلایا تاکہ شہریوں کو'' مرس'' کی وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا سکیں کہ اب تک 100 شہری اس کی وجہ سے جان بحق ہو چکے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اونٹ کے کچے اور پکے گوشت سے دور رہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا '' اس سلسلے میں شہریوں میں آگاہی عام کرنے کیلئے جلد ایک مہم بھی شروع کی جا رہی ہے، لیکن یہ ابھی سے کہا جا رہا ہے بیمار اونٹوں کے قریب ہر گز نہ جایا جائے۔

ایسے لوگ جو اونٹوں کو خوراک دینے یا ان کے علاج معالجے کی ذمہ داریوں سے منسلک ہوں ، انہیں چاہیے کہ وہ اونٹوں کے قریب جانے سے پہلے ناک کو ڈھانپ لیں اور اپنے ہاتھوں پر دستانے چڑھا لیں۔ واضح رہے شرق اوسط کے ملکوں کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور مصر میں بھی ''مرس'' سے متاثرہ افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے۔صحت کے عالمی ادارے کی ایک ہفتہ پہلے سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق دنیا میں اب تک ''مرس ''سے متاثرہ افراد کے 345 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ایک سو کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔