" تعمیر سکول پروگرام" کے آغاز سے پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت تاریخ کاایک نیا باب رقم کر رہی ہے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، آج سے ہم غیروں سے نہیں بلکہ اپنے ہی اہل وطن سے یہاں کے سکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے مالی مدد کی اپیل کررہے ہیں جو ہمیں معاشی غلامی سے نجات اور آزادی کے تازہ پھل سے آشناکرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی ،تقریب سے خطاب

جمعرات 1 مئی 2014 07:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا دعویٰ ہے کہ" تعمیر سکول پروگرام" کے آغاز سے پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت تاریخ کاایک نیا باب رقم کر رہی ہے اور آج سے ہم غیروں سے نہیں بلکہ اپنے ہی اہل وطن سے یہاں کے سکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے مالی مدد کی اپیل کررہے ہیں جو ہمیں معاشی غلامی سے نجات اور آزادی کے تازہ پھل سے آشناکرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی وہ پشاور کے نواحی علاقہ دوران پورکے گرلز ہائی سکول میں " تعمیر سکول پروگرام"کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پروگرام کا افتتاح کیا جس کے تحت خیبرپختونخوا کے نامکمل سہولیات والے سکولوں میں کمروں، ٹائلٹ،فرنیچراور پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں سے مالی امداد کی اپیل کی گئی ہے اسکی تمام تفصیلات " تعمیر سکول پروگرام"کی ویب سائٹ میں مہیا کی گئی ہیں جہاں کوئی بھی مخیر شخص اپنے متعلقہ ضلع یا علاقے میں سکولوں کی نامکمل سہولیات سے آگاہی حاصل کر سکتا اور عطیات دے سکتا ہے اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے دوران پور گرلز سکول میں کمروں اور سہولیات کیلئے درکار25 لاکھ روپے کا نقد عطیہ دیا یونائٹیڈ بینک کے نائب صدر سیدجاویدنے کسی بھی نامکمل سکول کیلئے 25 لاکھ روپے جبکہ دوران پور گرلز سکول کی ایک ننھی طالبہ عریبہ نے 500 روپے کا نقد عطیہ " تعمیر سکول پروگرام" کیلئے عمران خان کے حوالے کیاوزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب پر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبے کے دارلحکومت پشاور میں سو سے زائد سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے دوران پور کے گرلز ہائی سکول میں 309 لڑکیوں کیلئے صرف دو کمرے ہیں جو تعلیم کے ساتھ مذاق اور قوم کے ساتھ ظلم ہے تاہم ظالم حکمرانوں کو اس کا کوئی احساس نہیں تھا اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن ہمارے تاریک مستقبل کو روشن بنانے کی کلید ثابت ہو گااور تعمیر سکول پروگرام کی بدولت صوبے کے 13ہزار سکولوں میں درکار کلاس رومز ، ٹائلٹ اور پانی کی سہولیات یقینی بن جائیں گی اُنہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز ہم پشاور سے آزمائشی طور پر کر رہے ہیں جس کیلئے نامکمل سکولوں کی پیرنٹ ٹیچر کمیٹیاں فعال بنائی گئی ہیں اور فنڈز کے استعمال کا شفاف نظام بنایا گیا ہے جبکہ ہمیں اُمید ہے کہ یہ کمیٹیاں ہمار ی توقعات پر پوری اتریں گی اور سرکاری شعبے کی تعمیرات سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی انہوں نے اساتذہ کو بھی خبر دار کیا کہ اب غیر حاضری نہیں چلے گی کیونکہ اُنکی غیر حاضری کا اثر بچوں پر پڑتا ہے اور روحانی والدین کو بچوں سے یہ ظلم زیب نہیں دیتا پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے انگریزی میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرکے دُنیا سے قدم ملا کر قدم بڑھانے کی بنیاد رکھ دی ہے اور یہ اگلے دس سالوں میں خاموش انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں جون میں سمند رپار پاکستانیوں سے تعمیر سکول پروگرام میں عملی شرکت کی باضابطہ اپیل کی جائے گی اور ان سے میڈیا کے علاوہ براہ راست رابطے بھی ہوں گے انہوں نے کہا کہ اہل وطن قومی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں گے تو غیروں سے بھاری بھرکم سود پر قرضے لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی جو ہمیں معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کے درپے ہیں اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے عمران خان نے خیبرپختونخوا میں سکولوں کی حالت زار پر اظہار افسوس کیا اُنہوں نے کہا کہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے اس صوبے میں حد درجہ لوڈ شیڈنگ، مرکز کی طرف سے پن بجلی منافع کے بھاری بقایا جات اور دیگر حقوق دبانے کے باوجود واپڈا کو ٹھیک کرنے کی بجائے یہاں کے عوام کو بجلی چور کہناشرمناک و تشویشناک ہے انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے غیرملکی دوروں میں صرف اپنے بھائی شہباز شریف کو لیجانے پر بھی اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاکستان میں دو بھائیوں کی بادشاہت ہے۔