پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ سالانہ سیاسی مشاورت کے ساتویں دور کا انعقاد، اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 2 مئی 2014 06:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء) پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ سالانہ سیاسی مشاورت کے ساتویں دور کا انعقاد کیا گیا جس میں اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور ایشیا پیسفک امور کے لئے ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم جور کے درمیان تہران میں دوطرفہ سالانہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور منعقد ہوا بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا یہ دور انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ مضبوط اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہوگا مشاورتی مذاکرات کے دوران سیاسی اقتصادی سکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔