وزارت مذہبی امور کا حج فارمولا”پہلے آئیے پہلے پائیے“ عملدرآمد سے پہلے ہی فیل ہوگیا،بینکوں کے قبل از وقت فارم امیدواروں میں تقسیم بڑی وجہ بنی، ایک ہی منٹ میں کئی کئی درخواستیں جمع ہونا وفاقی حکومت کیلئے ”درد سر“ بن گیا، سردار یوسف، پیر امین الحسنات سمیت اعلیٰ بیورو کریسی سرپکڑ کر بیٹھ گئی، حج قرعہ اندازی کرنے قوی امکان

جمعہ 2 مئی 2014 06:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء) وزارت مذہبی امور کا حج فارمولا”پہلے آئیے پہلے پائیے“ عملدرآمد سے پہلے ہی فیل ہوگیا،بینکوں کے قبل از وقت فارم امیدواروں میں تقسیم بڑی وجہ بنی، ایک ہی منٹ میں کئی کئی درخواستیں جمع ہونا وفاقی حکومت کیلئے ”درد سر“ بن گیا، سردار یوسف، پیر امین الحسنات سمیت اعلیٰ بیورو کریسی سرپکڑ کر بیٹھ گئی، حج قرعہ اندازی کرنے قوی امکان ۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور کا حج فارمولا”پہلے آئیے ، پہلے پائیے“ عملدرآمد سے قبل ہی ناکام ہوگیاہے کیونکہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے دو روز قبل بینکوں کو بروقت فارم بھجوادیئے گئے تھے تاکہ 21 اپریل کو عازمین کو فراہم کئے جائیں اور وہ متعلقہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرادیں مگر کچھ بینکوں نے ”پھرتیاں“ دکھائیں اور حج فارم موصول ہوتے ہیں اپنے عزیزو اقارب میں تقسیم کردیئے جبکہ کچھ بااثر لوگوں کی مداخلت پر تقسیم کئے گئے جس پر 21اپریل کی صبح 10 بجے تک ایک بڑی مقدار جمع کرلی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ وزارت مذہبی امور کو بھیجے گئے چند بینکوں کی فارم ٹائمنگ کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ ایک کثیر تعداد ایسے فارم کی ہے جو ایک ہی بینک میں ایک ہی وقت میں اور ایک ہی منٹ میں جمع ہوئے ہیں اب معلوم نہیں ہورہا کہ ان فارم پر نمبرنگ کیسے کی جائے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ بیسیوں فارم ایک ہی وقت میں جمع ہونا وزارت مذہبی امور کیلئے ”درد “ سر بن گیاہے او ر پہلے آئیے پہلے پائیے کا فارمولا اپنانے والی وزارت مذہبی امور کو بینکوں نے مشکل میں ڈال دیاہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیر مملکت پیرامین الحسنات سمیت اعلیٰ بیورو کریسی سے مشاورت شروع کردی ہے اور حج قرعہ اندازی کرانے پر غور شروع کردیاگیاہے اور بتایا جارہاہے کہ اب پہلے آئیے پہلے پائیے کی بجائے حج قرعہ اندازی کے ذریعے سرکاری عازمین حج کی سلیکشن ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

متعلقہ عنوان :