حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،پرویز رشید،طالبان سے امن مذاکرات کا تہیہ کررکھا ہے،تمام جمہوری قوتوں اور پارلیمنٹ کو تعاون کرنا چاہئے، جرمن پارلیمنٹ کے صدر سے بات چیت

جمعہ 2 مئی 2014 06:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں موجود مذہبی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ۔حکومت نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا تہیہ کررکھا ہے اورحکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تمام جمہوری قوتوں اور پارلیمنٹ کو اس سلسلے میں تعاون کرنا چاہئے ۔

وہ جمعرات کو یہاں جرمن پارلیمنٹ کے صدر نوربرٹ لمرٹ سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ ملکی موجودہ جمہوری حکومت نے پاکستان میں انسانی اور اقلیتی حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کا تہیہ کررکھا ہے ، پاکستان میں اس وقت جمہوریت ہے اور یہی وجہ ہے کہ میڈیا ، سول سوسائٹی اور عدلیہ آزادی اور خود مختاری سے اپنا کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے ہاں پارلیمانی جمہوریت ہے جہاں پر عدلیہ ، میڈیا اور سول سوسائٹی کو آزادی سے کام کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ حکومت اپنی عوام کی فلاح وبہبود اور اقتصادیات ، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے انہوں نے حقوق انسانی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفد کو بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد متعدد محکمے جو انسانی حقوق سے متعلق تھے ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے صوبوں کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملک میں موجود مذہبی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا تہیہ کررکھا ہے اور موجودہ جمہوری حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تمام جمہوری قوتوں ، پارلیمنٹ کو اس سلسلے میں تعاون کریں اور طالبان کے ساتھ بات چیت کے لئے حمایت کی جائے ۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پارلیمانی وفود کا تواتر کے ساتھ تبادلہ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کیخلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برت رہی ور ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جارہاہے انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ حکومت پاکستان کی جانب سے سرمایہ کار دوست پالیسی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں بالخصوص توانائی ، انفراسٹرکچر اور ایگری کلچرل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اس موقع پر نوربرب لمبرٹ نے وفاقی وزیر کے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پارلیمانی سطح پر تبادلے ہونے چاہئیں انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کامیابی سے ہمکنار ہوگا ۔