فیصل آباد،2دلہنوں سے ایڈوانس جہیز لینے کے باوجود دلہا والے دلہنوں کیلئے نئے کپڑے اور زیورات نہ لاسکے،میرج ہال میں ہنگامہ آرائی اورہاتھا پائی ،دونوں دلہا بغیر دلہنوں کے بارات واپس لے کر لودھرا روانہ ہوگئے

جمعہ 2 مئی 2014 06:08

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء)دودلہنوں سے ایڈوانس جہیز لینے کے باوجود دلہا والے دلہنوں کے لئے نئے کپڑے اورزیورات نہ لاسکے ۔میرج ہال میں ہنگامہ آرائی اورہاتھا پائی کے بعد دونوں دلہا بغیر دلہنوں کے بارات واپس لے کر لودھرا روانہ ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لودھراکے حاجی محمد یعقوب کے بیٹے کامران اورحیدر کا رشتہ فیصل آباد کے محلہ اسلام نگر کی دوبہنوں ش اورف کے ساتھ تہہ ہوا تھا۔

دلہن والوں نے چند روز قبل تقریبات 5لاکھ کا جہیز فیصل آباد سے لودھرا دلہاؤں کے گھر پہنچا دیا۔آج حاجی یعقوب اپنے دونوں بیٹوں کی بارات لے کر گلستان میرج ہال پہنچاتودلہنوں کے اہلخانہ نے دلہنوں کے لئے کپڑے اورزیورات طلب کئے تو معلوم ہوا کہ دلہا والے چند پرانے استعمال شدہ کپڑوں کے جوڑے ساتھ لائے ہیں جبکہ وعدے کے مطابق زیورات بھی دینے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران گلستان میرج ہال میں دلہنوں والوں نے ہنگامہ کھڑا کردیااورساتھ جب اس کی اطلاع دونوں دلہنوں کو ملی تو انہوں نے بھی شادی سے انکارکردیا.

چنانچہ میرج ہال میدان جنگ بن گیا۔بعدازاں اہل محلہ اوربارات میں موجود بعض معززین کی مداخلت سے مسجد میں بیٹھ کرجب بات چیت شروع ہوئی تو اس دوران معلوم ہوا کہ آنے والے دونوں دلہا کامران اورحیدر پہلے بھی دو،دومرتبہ شادی کرچکے ہیں اورلڑکی والوں سے جہیز لے کر ہضم کرگئے ہیں۔

چنانچہ دونوں دولہا کے باپ حاجی یعقوب سے تحریری سٹام پیپرلکھوایا گیا جس میں حاجی یعقوب کو پابند کیا گیا کہ وہ دونوں دلہنوں کے جہیز مالیت 3لاکھ روپے اور میرج ہال کا کرایہ اورکھانے کا تقریبادو لاکھ روپیہ دوہفتے کے اندر اندرلڑکی والوں کو ادا کرے گا۔بصورت دیگر اگرحاجی یعقوب نے دوہفتوں میں ادائیگی نہ کی تو رشتہ کرانے والا شخص جان محمد لڑکی والوں کو ادائیگی کرنے کا پابند ہوگا۔چنانچہ اس تحریری معاہدہ کے بعد یعقوب اپنے دونوں بیٹوں اورباراتیوں کو بغیر دلہنوں کے واپس لودھراروانہ ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :