ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا‘ بجلی کی پیداوار 10 ہزار 700 اور طلب 13 ہزار 700 میگاواٹ ہوگئی، ملک بھر میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا جینا دشوار ،شہروں میں 12سے 14 گھنٹوں تک لوگ بجلی سے محروم ۔دیہی علاقوں میں بجلی بند ہنے کا دورانیہ 16سے 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا ، بجلی کے ساتھ پانی کا بحران بھی سنگین ،مختلف مقامات پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ،خیبرپختونخوا ہ حکومت نے بجلی کی طویل غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے کا اعلان کردیا

اتوار 4 مئی 2014 07:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا‘ بجلی کی پیداوار 10 ہزار 700 اور طلب 13 ہزار 700 میگاواٹ ہوگئی۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق ہائیڈل ذرائع سے 3150 تھرمل ذرائع سے 1770 آئی پی پیز ذرائع سے 5980 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ اس طرح ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔

اس وقت بجلی کی طلب 13700 اور پیداوار 10700 میگاواٹ ہے۔دوسری طرف ملک بھر میں جاری بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا دشوار کردیا ہے۔بجلی کی ستائی عوام کا سڑکوں پر احتجاج کاسلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں ایک طرف گرمی اپنا اثردکھا رہی ہے جس سے شہری بے حال ہیں تودوسری طرف بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کاکوئی ایسا شہر نہیں جہاں کئی کئی گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان نہ ہوں۔

شہروں میں 12سے 14 گھنٹوں تک لوگ بجلی سے محروم رہتے ہیں۔دیہی علاقوں میں صورتحا ل اور بھی خراب ہے جہاں بجلی بندرہنیکا دورانیہ 16سے 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث گھریلواورکاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔

کئی علاقوں میں ٹیوب ویل بند ہونے سے لوگ پانی کو ترس گئے ہیں۔خیبر پختونخوا ہویاپنجاب،سندھ ہو یا بلوچستان ، آزاد کشمیرہویا گلگت بلتستان، بجلی کی بندش کیخلاف شہری خون تو جلاہی رہے ہیں لیکن صبر کا پیمانہ لبریز ہوتو سراپا احتجاج بن جاتے ہیں اورواپڈا کے خلاف نعرے لگاکراپنے دل کی بھڑاس نکالنے سڑکوں پرآجاتے ہیں۔بجلی کی پیداوار نہ بڑھنے اور طلب میں اضافے سے شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گیا ، بجلی کے ساتھ پانی کا بحران بھی سنگین ہو گیا جسکے خلاف مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق ارسا نے تربیلا سے پانی کے اخراج میں 35ہزار سے 47ہزار کیوسک تک کمی کر دی ہے ۔گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار10700جبکہ طلب 13700میگا واٹ ریکارڈ کی گئی۔

ہائیڈل سے 3150‘تھرمل سے 1570اور آئی پی پیز سے 5980 جبکہ ونڈ سے 20میگاواٹ کی پیداوار حاصل ہوئی ۔ گزشتہ روز ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں قدرے کمی ریکارڈ کی گئی تاہم لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کم نہیں ہو سکا اور مختلف شہری علاقوں میں 12سے 14جبکہ دیہی علاقوں میں 18سے 20گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔

بجلی کی طویل بندش کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف مختلف مقامات پر پانی کی عدم دستیابی کے خلاف بھی مظاہرے کئے جارہے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔خیبرپختونخوا ہ حکومت نے بجلی کی طویل غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا ہ شاہ فرمان نے کہا کہ تحریک انصاف بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف ہونے والے مظاہروں کی قیادت کرے گی، لوڈشیڈنگ کامقصد نجی کمپنیوں سے بجلی خریدنے کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔