اسلام آباد لانگ مارچ انقلاب کی اذان تھا ، 11 مئی کو نماز کی اقامت ہو گی۔ ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہونے میں اب زیادہ وقت نہیں ۔ عوام ریاست بچانے اور ملک کو چند پیشہ ور سیاسی و کاروباری خاندانوں کے ہاتھوں یرغمالی سے نجات دلانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران سے ٹیلیفونک خطاب

اتوار 4 مئی 2014 07:43

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء)شیخ الاسلام و قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاہے کہ اسلام آباد لانگ مارچ انقلاب کی اذان تھا جبکہ 11 مئی کو نماز کی اقامت ہو گی نیز ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہونے میں اب زیادہ وقت نہیں لہٰذا عوام ریاست بچانے اور ملک کو چند پیشہ ور سیاسی و کاروباری خاندانوں کے ہاتھوں یرغمالی سے نجات دلانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں تاکہ پنکچر ز والی جمہوریت کی بجائے ملک میں حقیقی ، سچی اور اصل جمہوریت کے ذریعے اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جاسکیں۔

تحریک منہاج القرآن ضلع جھنگ کے عہدیداران سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ اب زیادہ وقت باقی نہیں کیونکہ سبز انقلاب گنبد خضریٰ کی شعاعوں سے روشن ہو رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام کا پوسٹمارٹم کئے بغیر عوام کا قائد اعظم کے تصور کے مطابق فلاحی اسلامی پاکستان نہیں مل سکتا جہاں ہرغریب ، چھوٹے ، بے وسائل شخص کو روزگار ، مظلوم کو انصاف ،امن اور ضروریات زندگی ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام ڈرامے باز خادموں سے تنگ آچکے ہیں جو کل تک بھی حکومت کاحصہ تھے اور آج بھی مکمل طور پر حکومت سمیت اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی شرمناک ہے کہ کل تک لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے صنعتکاروں ، مزدوروں ، محنت کشوں ، تاجروں ، کاروبار ی افراد اور سول سوسائٹی کو احتجاج پر اکسانے اور مینار پاکستان کے سائے تلے احتجاجی کیمپ لگانے والے اپنی نااہلیت کاثبوت دیتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ اب ان کے ہوش بھی اڑ گئے اور طوطے بھی اڑ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ان افراد نے اقتدار پر قابض ہو کر نہ تو اپنے کسی وعدے کی تکمیل کی ہے نہ ہی اپنا نام بدلا ہے اور نہ ہی وہ حکومت سے مستعفی ہونے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام اشرافیہ کی پرورش کا تو بہترین نظام ہے مگر اس سے غریب آدمی کو کبھی فیض نہیں ملے گا۔ انہوں نے ہرمکتبہ فکر کے افراد ، بزرگوں ، بھائیوں ، بیٹوں ، ماؤں ، بہنوں ،بیٹیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ 11 مئی سے شروع ہونے والے احتجاج میں بھر پور شرکت کریں تاکہ ملک کو باپ کی جاگیر سمجھ کر لوٹنے والوں سے نجات حاصل کی جاسکے۔