عابد شیر علی تنقید کی بجائے عوام کو بجلی فراہمی پر توجہ دیں ، شیریں مزاری ، حکمران دھاندلی کیخلاف احتجاج سے خوفزدہ ہوکر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ،(ن) لیگ نے اپنے وزراء کو عمران خان کیخلاف بولنے کا ٹاسک دیدیا ،مگر عوام سب جانتی ہے کون جھوٹا ہے اور کون سچا ، عابد شیر علی کے بیان پر ردعمل

اتوار 4 مئی 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیر مملکت عابدشیر علی تنقید کی بجائے عوام کو بجلی کی فراہمی پر توجہ دیں ، حکمران دھاندلی کے خلاف احتجاج سے خوفزدہ ہوچکے ہیں ۔ عابد شیر علی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے اپنے وزراء کو عمران خان کیخلاف بولنے کا ٹاسک دے دیا ہے مگر وہ یہ بھول گئے ہیں کہ عوام سب جانتی ہے کون سچا اورکون جھوٹا لیڈر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ان کے باہر ملک کوئی اثاثے نہیں ہیں اور نہ ہی عمران موروثی اور خاندانی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آنے والے تحریک انصاف کے احتجاج سے خوفزدہ ہوکر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور عمران خان پر بے جا تنقید شروع کردی ہے ۔شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ عابد شیر علی تنقید کی بجائے عوام کو بجلی کی فراہمی پر توجہ دیں عوام کا لوڈ شیڈنگ سے برا حال ہوچکا ہے انہیں عمران خان پر تنقید کرکے کچھ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ اب عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں ۔