وزیرآباد ،مہندی کی تقریب پر پولیس کا چھاپہ،معروف گلوکارہ نوراں لعل اور دولہا سمیت 62افراد گرفتار،مقامی عدالت میں پیشی،ملزمان کو ایک ایک ہزار روپے جرمانہ کے بعد چھوڑ دیا گیا

اتوار 4 مئی 2014 07:30

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) وزیرآباد کے نواحی گاؤں پھالوکی میں مہندی کی تقریب پر تحصیل بھر کی پولیس کا چھاپہ۔ پاکستان کی معروف گلوکارہ نوراں لعل اور دولہا سمیت 62افراد گرفتار۔ مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تمام ملزمان کو ایک ایک ہزار روپے جرمانہ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ نوراں لعل کو عدالت میں پیش کرتے وقت سیالکو ٹ روڈ بلاک۔

نوراں لعل کا شدید احتجاج اور پولیس کار روائی کو فن موسیقی پر چھاپہ قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی موضع پھالوکی میں شہبا زاحمد بھٹی کی شادی کے سلسلہ میں مہندی کی تقریب منعقد کی گئی۔اس سلسلہ میں موسیقی کا پروگرام ترتیب دیا گیا جس میں شرکت کے لئے معروف گلو کارہ نوراں لعل کو دعوت دی گئی تھی۔تقریب کے لئے گاؤں کے قریب پنڈال کھلے میدان میں لگایا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہندی کی تقریب طویل ہو گئی تو تحصیل وزیرآباد کی سرکل پولیس کی بھاری نفری ایک درجن کے قریب گاڑیوں میں موقع پر پہنچ گئی اور پنڈال کو گھیرے میں لے لیا۔ ایس پی صدر گوجرانوالہ فضل حامد پولیس کی قیادت کر رہے تھے۔پولیس کے آنے کی خبر کے ساتھ ہیں پنڈال میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ بھاگ کھڑے ہوئے۔ پولیس نے گلوکارہ نوراں لعل، دولہا شہباز احمد بھٹی اور سازندوں سمیت 62افراد کو حراست میں لے لیا اور سب کو تھانہ صدر کی حوالات میں بند کر دیا۔

حراست میں لئے گئے تمام ملزمان کے خلاف زیر دفعات 294/337 H2، 3/4ایمپلیفائر ایکٹ،3/4میریج ایکٹ،اور 148/149ت پ مقدمات درج کر لئے۔ نوراں لعل سمیت تمام ملزمان کو سول جج وزیرآباد ذوالفقار احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ تمام ملزمان کو ایک ایک ہزار روپے جرمانہ کی سز کا حکم سنایا گیا جو موقع پروصول کرکے ملزمان کو رہا کر دیا گیا۔جب گلو کارہ نوراں لعل کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے لایا گیا تو دیکھنے والوں کا ہجوم لگ گیا۔

․عدالت کے بڑے دروازے کے باہر پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک جام ہو گئی۔عدالت میں پیشی کے بعد نوراں لعل نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کار روائی بلاجواز اور فن موسیقی کے خلاف کار روائی ہے ۔ انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی تھیں اور پنڈال میں کوئی غیر قانونی کام نہیں ہو رہا تھ۔

فن کا مظاہرہ کرنا ان کا حق ہے۔ پولیس کے مطابق کے تقریب کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی گئی تھی جس کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ہے اور ناجائز اسلحہ بھی بر آمد ہو اہے جس کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال کیا گیااور میریج ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی اور تقریب کو دس بجے کے بعد تک جاری رکھا گیا ۔اہل علاقہ نے بھی مہندی کی تقریب پر پولیس کے چھاپہ کو بلا جواز اور اور سیاسی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :