رینٹل پاور کیس کے تین اہم ملزم گرفتار،ملزمان میں سابق ایم ڈی پی پی آئی بی،سابق سی ای او اور ایم ڈی جینکوز شامل،ضرورت محسوس کی گئی اور کوئی ثبوت ملا تو دیگر گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں، ذرائع

پیر 5 مئی 2014 07:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) قومی احتساب بیورو نے رینٹل پاور کیس میں تین اہم ملزموں کو کراچی اور حیدرآباد سے گرفتار کرلیا‘ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ نیب ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے رینٹل پاور کیس میں تین اہم ملزمان جن میں حینکوز کے سابق سی ای او انور بروہی‘ سابق ایم ڈی جمیل کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پی پی آئی بی کے سابق ایم ڈی ایم اے زبیری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ گرفتاریاں حیدرآباد اور کراچی سے کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں جب نیب ذرائع سے ”خبر رساں ادارے“ نے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں کو خصوصی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا ہے اور اگر ضرورت محسوس کی گئی اور کوئی ثبوت ملا تو دیگر گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب نے رینٹل پاور کیس کی تیزی سے تفتیش کرنے کا حالیہ بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا تاکہ اس کیس کو جلدا زجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے اور یہ گرفتاریاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔