گیارہ مئی کو احتجاج کرنے والے غیر ملکی ایجنڈے پر سرگرم ہیں، عابد شیر علی، انتخابات کے دوران عوام سے کئے وعدے جلد پورے کریں گے، عوام صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں،میڈیا سے گفتگو

پیر 5 مئی 2014 08:04

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران عوام سے کئے وعدے جلد پورے کریں گے، عوام صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ 11 مئی کو احتجاج کرنے والے غیر ملکی ایجنڈے پر سرگرم ہیں جو ملک کو مستحکم ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ملک سے بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دروانیہ 18 گھنٹے سے کم ہو کر 8 گھنٹے تک رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی کے حکمرانوں نے بجلی چوروں پر ہاتھ نہیں ڈالا۔ بجلی کے بحران پر تین سالوں میں مکمل قابو پا لیا جائیگا۔ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ ٹھٹھرتے موسم میں کنٹینر میں بیٹھ کر رحمان ملک سے خفیہ معاہدہ کرنے والے بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر کام کرکے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں جسے کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں امن قائم رکھنے کیلئے بڑے سے بڑے آپریشن سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاک فوج کی سب سے بڑی حمایتی ہے۔ میڈیا اپنی لڑائی میں حکومت اور پاک فوج کو دور رکھے۔