پی سی بی کے نرالے دستور‘ اپنوں کو ”ریوڑیاں “بانٹنے میں مصروف ،ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سلیکشن کمیٹی میں شامل چھ ارکان کو ماہانہ 23 لاکھ ادا ہونگے

پیر 5 مئی 2014 07:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نرالے دستور‘ اہلیت و قابلیت کی بجائے حسب معمول اپنوں کو نوازنے میں مصروف ہے‘ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سلیکشن کمیٹی کا قیام ہے جس میں شامل چھ ارکان کو پی سی بی ماہانہ 23 لاکھ روپے ادا کرے گا اس کے علاوہ ممبران ماہان فیول چارجز اور دیگر مراعات سے فیضیاب ہوں گے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بڑی بڑی پوسٹوں کا مزہ چکھنے والے معین خان کی تنخواہ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

وہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کے وقت بورڈ سے 8 لاکھ روپے تنخواہ وصول کررہے تھے۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر اور ٹیم منیجر جیسے کلیدی عہدے ملنے کے بعد اب ان کی تنخواہ 14 لاکھ روپے ماہانہ ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2009ء میں سات افراد سلیکشن کمیٹی میں شامل تھے لیکن ان میں دو معاون تھے۔ 2003ء میں عامر سہیل کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی 5 ارکان پر مشتمل تھے۔ محمد اکرم پر بھی نوازشات کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ بورڈ سے 5 لاکھ روپے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی میں شامل سلیم یوسف‘ شعیب محمد‘ وجاہت اللہ واسطی اور اعجاز احمد ایک ایک لاکھ روپے تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب محمد نجم سیٹھی کی سفارش پر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنے ہیں۔

متعلقہ عنوان :