میڈرڈ ماسٹرز کا مینز سنگلز مین راؤنڈ آ ج پیرکو شروع ہو گا ، رافیل نڈال ٹائٹل فتح کی تلاش میں سر گرداں‘سپین میرا ملک ہے اور یہاں پر ہر مرتبہ کھیلنا میرے لیے کچھ خاص ہوتا ہے‘ رافیل نڈال

پیر 5 مئی 2014 07:36

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء)میڈرڈ ماسٹرز کا مینز سنگلز مین راؤنڈ آ ج پیرکو شروع ہو رہا ہے، ورلڈ نمبرون اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کے لئے اس بار یورپی کلے سیزن بھیانک خواب ثابت ہوا،کیریئر میں ماسٹرز ایونٹس میں چھائے رہنے والے نڈال اس مرتبہ ناکام رہے ہیں۔بارسلونا میں وہ اعزاز کا دفاع نہیں کرپائے جبکہ اس سے قبل مونٹی کارلو ماسٹرز میں بھی وہ کوارٹر فائنل تک محدود رہے، جنوری میں سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے فائنل میں انھیں اسٹینسلس واورنیکانے پچھاڑ دیا تھا، اسپینش اسٹار میڈرڈ ماسٹرز میں ایک مرتبہ پھر اپنا سکہ جمانے کا عزم لے کر کورٹ میں اتریں گے، نڈال سمیت ٹاپ 8 سیڈنگ پلیئرز ایونٹ میں اپنا سفر دوسرے راؤنڈ سے شروع کریں گے، نڈال کے ابتدائی حریف کا تعین جواین مناکو اور جرگن میلزر کے درمیان شیڈول میچ کے فاتح سے ہوگا، نڈال رواں برس یورپیئن کلے پر پہلے ماسٹرز ٹائٹل فتح کی تلاش میں ہیں، انھوں نے گذشتہ سیزن میں بارسلونا، میڈرڈ اور روم ماسٹرز میں کامیابی کے بعد ریکارڈ آٹھویں مرتبہ فرنچ اوپن چیمپئن بھی بننے کا اعزاز پایا تھا، آسٹریلین اوپن کے فائنل میں کمر کی انجری کے سبب اسٹینسلس واورنیکا نے انھیں مات دی تھی جبکہ مونٹی کارلو کے کوارٹر فائنل میں انھیں ہموطن ڈیوڈ فیرر جبکہ بارسلونا کے راؤنڈ8 میں دوسرے اسپینش پلیئر نکولس الماگرو کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا رہا تھا۔

(جاری ہے)

نڈال نے ان حالیہ ناکامیوں کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی بہترین فارم حاصل کرتے ہوئے چوتھی مرتبہ میڈرڈ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہوں گا، انھوں نے کہا کہ اسپین میرا ملک ہے اور یہاں پر ہر مرتبہ کھیلنا میرے لیے کچھ خاص ہوتا ہے، کراؤڈ بھی ہمیشہ بڑا فرق ثابت ہوتا ہے، ان کے روایتی حریف سربیا کے نووک جوکووک کو دائیں کلائی کی انجری کا سامنا رہا ہے لیکن وہ بھی فرنچ اوپن سے قبل میڈرڈ ماسٹرز میں کھیل کو ردھم واپس پانا چاہیں گے، سوئس اسٹارز راجرفیڈرر اور اسٹینسلس واورنیکا بھی نڈال اور جوکووک کے لئے ایونٹ میں بڑا خطرہ ہوں گے، واورنیکا گذشتہ برس میڈرڈ ماسٹرز کے فائنل میں نڈال سے شکست کھاگئے تھے، لیکن اس مرتبہ ان کی قسمت کا ستارہ عروج پر ہے۔

کیریئر کا اولین گرینڈ سلم جیتنے کے ساتھ انھوں نے مونٹی کارلو ٹرافی کی صورت پہلا ماسٹرز ٹائٹل بھی اپنے نام کیا، سابق پلیئر اسٹیفن ایڈنبرگ کی زیرکوچنگ راجرفیڈرر نے بھی حالیہ دنوں میں عمدہ کھیل پیش کیا، ان تمام کے ساتھ ومبلڈن چیمپئن اینڈی مرے بھی ایک ماہ بعد کھیل میں واپسی اختیار کررہے ہیں، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز اعزاز کا دفاع کریں گی، وہ گذشتہ دو برس سے یہاں پر چیمپئن ہیں، 17 مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن سرینا گرین کلے کورٹ چارلیسٹن کے دوسرے راؤنڈ میں جینا سیپلووا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد کھیل سے دوری اختیار کیے ہوئے تھیں، البتہ میڈرڈ کے پہلے راؤنڈ میں انھیں کوالیفائر سے مقابلہ کرنا ہوگا، تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈانسکا کی پہلی آزمائش آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ ایوگینے بوچارڈ سے ہوگی،آسٹریلین اوپن چیمپئن لینا کا سامنا کرسٹن فلپکنز سے ہوگا، 8 سیڈ روسی اسٹار ماریا شراپووا کا پہلا مقابلہ جمہوریہ چیک کی کارلا کوکولاوا سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :