وزیر اعظم بننے کے بعد غیرقانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کو ملک بدر کردونگا،نریندر مودی کی غیرقانونی بنگالی تارکین وطن کو تنبیہ

منگل 6 مئی 2014 07:57

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مئی۔ 2014ء)بھارت کی ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے ایک بار پھر تنبیہ کی ہے کہ وہ وزیر اعظم بننے کے بعد غیرقانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کو ملک بدر کر دیں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ا دارے کے مطابق مودی نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد پر واقع بھارتی ریاست مغربی بنگال کی حکومت غیرقانونی تارکینِ وطن کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے، کیونکہ وہ نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔

مودی نے کہا کہ ایسے تارکین وطن بھارتی نوجوانوں کے روزگار پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔ اس کے جواب میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں مغربی بنگال کے ایک بھی شہری کو ملک بدر کیا گیا تو وہ نئی دہلی پر چڑھائی کر دیں گی۔