پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت میں غریب عوام کی بے کسی اور کمزوری انکی طاقت بن جائے گی،پرویز خٹک ، انہیں نہ صرف ہر جگہ انصاف ملے گا بلکہ انکے ساتھ کسی بھی ناانصافی کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا ،ہمیں اپنی ذات کی نہیں عوام کی فکر ہے، اپنے انتخابی منشور پر سو فیصد عمل کریں گے،وکلاء کے وفد سے گفتگو

منگل 6 مئی 2014 08:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مئی۔ 2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت میں غریب عوام کی بے کسی اور کمزوری انکی طاقت بن جائے گی اور انہیں نہ صرف ہر جگہ انصاف ملے گا بلکہ انکے ساتھ کسی بھی ناانصافی کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا ہم نے شروع کا ایک سال محکموں کا جمود توڑنے اور کرپشن کا گند صاف کرکے ضروری قانون سازی میں صرف کیا اور اب تبدیلی نظر آنے اور محسوس کی جانے لگی ہے جس کا اظہار لوگ مختلف ذرائع سے شکریہ کی صورت کرتے ہیں مگر یہ احسان نہیں بلکہ ان کا حق اور اس ووٹ کا اثر ہے جو یہاں کے عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے دیا اور ہمیں اقتدار دلایا تھا ہمیں اپنی ذات کی نہیں عوام کی فکر ہے ہمارے عوام طویل عرصے سے ظلم و ناانصافی کی چکی میں پستے آرہے ہیں ماضی کے تمام ظالم حکمرانوں نے لوگوں کا حکومت اور اداروں پر اعتماد ختم کر دیا تھا اور یہ اعتماد لوٹانے کیلئے ہم آئے ہیں وزیراعلیٰ نے انصاف لائرز فورم کو پاکستان تحریک انصاف کا ہر اول دستہ قرار دیتے ہوئے فورم کے کارکن وکلاء پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کے ایجنڈے کو حقیقت بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ پارٹی قائدین کی طرف سے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوجلد از جلد پورا کیا جا سکے اُنہوں نے یہ عزم دہرایا کہ ہم اپنے انتخابی منشور پر سو فیصد عمل کریں گے اور صوبے میں مثبت تبدیلی کے ذریعے گزشتہ چھ دہائیوں سے چہرے بدل بدل کر آنے والے حکمرانوں کی طرف سے عوام سے کی گئی زیادتیوں اور محرومیوں کا ازالہ کریں گے اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے شروع دن سے ٹھوس لائحہ عمل اپنایا اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جن کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں وہ سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں انصاف لائرز فورم مردان کے عہدیداروں کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان اور ایم پی اے افتخار مشوانی کی زیرقیادت ان سے ملاقات کی اور مردان کی وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے انہیں اگاہ کیا پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل خالد مسعود، فورم کے ضلعی صدر عامر رفیق اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل ریاض پائندہ خیل بھی اس موقع پر موجود تھے وفد نے وزیراعلیٰ سے مردان کی وکلاء برادری کی فلا ح و بہبود، صوبائی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے، اب تک پیشرفت اور عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاوزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چئیرمین حاجی دلروز خان اور صوبائی سیکرٹری قانون محمد عارفین بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے فورم کے وکلاء پر زور دیا کہ وہ عوام کو محکموں کی کارکردگی میں خرابیوں کی شکایات متعلقہ سیل تک پہنچانے کا شعور دیں تاکہ ان کا ازالہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ عدلیہ ملکی ریاست کا اہم ستون ہے عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی وقت کا تقاضا ہے ہماری حکومت اور انصاف لائیرز فورم اگرعدلیہ کی معاونت کرکے حصول انصاف کو آسان بنائے تو یہ عظیم خدمت ہو گی موبائل کورٹس میں اضافہ بھی انصاف غریب کی دہلیز پر پہنچانے کا موجب بن سکتا ہے تاکہ عوام کو یقین ہو جائے کہ رشوت اور سفارش کے بغیر بھی انکے کام ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قانون سازی کے علاوہ عملی پیشرف بھی جاری ہے سرکاری محکموں، تھانوں اور پٹوار خانوں کا قبلہ درست ہونے لگا ہے اب کوئی پٹواری، پولیس یا سرکاری اہلکار کسی سے رشوت نہیں لے سکتا ہماری حکومت پر تنقید کرنے والوں کو شر م آنی چاہیئے کیونکہ اُن کے دور حکومت میں کرپشن، اقربا پروری اور لاقانونیت کی انتہا ہو گئی تھی عوام کی یادداشت کمزور نہیں ایسے منافق حکمران اور سیاستدان اقتدار کے مزے اُڑانے کے بعد اپنے کرتوت بھول جاتے ہیں مگر عوام کو سب کچھ یاد رہتا ہے پچھلی حکومتوں میں لوگ شاکی تھے کہ کرپشن و کمیشن مافیا عروج پر ہے اور کوئی کام رشوت کے بغیر نہیں ہوتا مگر اب حکومت ہوتی نظر آرہی ہے اور عوام کا پوچھنے والے بھی آگئے ہیں ہم نے کرپشن اور اقرباء پروری کی چلن ختم کرنے کے علاوہ سیاسی انتقام کا رویتی سلسلہ بھی ختم کیا صوبے میں نظام کی تبدیلی، بد عنوانی کے خاتمے، قانون وانصاف کی بالاد ستی، ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور لوگوں کو بہتر سماجی خدمات کی فراہمی کیلئے موجودہ صوبائی حکومت کی قانون سازی کا تذکر ہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معلومات تک رسائی ، خدمات تک رسائی، احتساب کمیشن، نیا بلدیاتی نظام اور کانفلکٹ آف انٹرسٹ کے قوانین ہماری عہد ساز کامیابیاں ہیں جن سے نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے، بدعنوانی کا خاتمہ کرنے ، شفافیت کو یقینی بنانے اور لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی نیز انکے سیاسی و سماجی شعور و بیداری میں بیحد اضافہ ہو گااُنہوں نے انصاف لائرز فورم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ ان قوانین پر عمل میں حکومت سے بھر پور تعاون کریں اُنہوں نے فورم کے مطالبات پر ڈسٹرکٹ بار مردان کیلئے گرانٹ، وکلاء کی مشاورت سے کچہری میں انکے لئے باسہولت شیڈ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا۔