کنیریا کے ساتھ کھیلنے پر تین کرکٹرز کو کارروائی کا سامنا ،پاکستانی کرکٹرز فواد عالم، وہاب ریاض اور ناصرجمشید نے 11 سے 13 اپریل تک امریکہ کے شہر میں ہونے والے فرینڈ شپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا

منگل 6 مئی 2014 07:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مئی۔ 2014ء)سپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کا شکار دانش کنیریا کے ساتھ امریکی شہر ہیوسٹن میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے تین پاکستانی کرکٹروں فواد عالم، وہاب ریاض اور ناصرجمشید کے بارے میں رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے حوالے کر دی گئی ہے۔تینوں کرکٹروں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی کو بھی اس سلسلے میں انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس نے ان تمام افراد کے بیانات لینے کے بعد اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو دے دی ہے۔اب یہ معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا جو ان تمام افراد کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے تحت کوئی بھی کرکٹر یا آفیشل کسی بھی ایسے کرکٹر کے ساتھ، جو کرپشن میں ملوث ہو، کلب کرکٹ کھیل نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی رابطہ رکھ سکتا ہے۔

پاکستانی کرکٹر فواد عالم، وہاب ریاض اور ناصرجمشید نے 11 سے 13 اپریل تک امریکہ کے شہر میں ہونے والے فرینڈ شپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔اس ایونٹ میں لیگ سپنر دانش کنیریا بھی کھیلے تھے جنھیں ان دنوں سپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی پاداش میں تاحیات پابندی کا سامنا ہے۔دانش کنیریا نے اس پابندی کے خلاف لندن کی عدالت میں اپیل دائر کر رکھی ہے تاہم وہ اس پابندی کی رو سے دنیا بھر میں کسی ایسی کلب کرکٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکتے جو اس ملک کے کرکٹ بورڈ فیڈریشن یا ایسوسی ایشن سے منظور شدہ ہو۔یاد رہے کہ گذشتہ سال محمد آصف کو ناروے میں اسی طرح کی کلب کرکٹ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :