شمالی وزیرستان میں طالبان گروپوں میں تصادم ، 13افرادہلاک، خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں توحید السلام کی گاڑی پر بم دھماکہ ، دو افر اد جاں بحق ، چار شدید زخمی

بدھ 7 مئی 2014 07:35

میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء)شمالی وزیرستان میں طالبان کے 2گروپوں میں تصادم سے 13افرادہلاک ہوگئے ،نجی ٹی وی کے مطابق منگل کی شام میران شاہ کے علاقے وچہ ڈرامیں کالعدم تحریک طالبان کے دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ ہوا،جس کے نتیجے میں 13افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے ہیں ،آخری اطلاعات آنے تک دونوں گروپوں کے درمیان لڑائی جاری ہے اورمزیدہلاکتوں کاخدشہ ظاہرکیاجارہاہے۔

ادھرمیرانشاہ بازار میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی گاوٴں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد ہاتھ میں دستی بم پھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں مرکزی بازار میں نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دھماکے میں ایک شدت پسند ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کا تعلق پنجابی طالبان سے ہے ، دھماکا انتہائی زوردار تھا جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی گاوٴں میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد ہاتھ میں دستی بم پھٹنے سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ گاوٴں جباروالہ کی بستی جاوید نگر میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔

مزاحمت کے دوران ایک دہشت گرد نصیب اللہ اپنے ہی ہاتھ میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے موقع سے 2 دستی بم ، اسلحہ اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔ادھرخیبر ایجنسی وادی تیراہ میں امن تنظیم توحید السلام کے گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ، دو افرادجاں بحق ، چار افراد شدید زخمی ۔

پولیٹیکل انتظامیہ ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ بوکاڑ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے امن توحید السلام کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں امن تنظیم توحید السلام کے دو رضا کار جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے تنظیم کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں اور مقامی لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے ۔