پاکستان ،چین کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم ، کاسا1000منصوبہ پاک افغانستان کے تعلقات میں بہتری کیلئے ضروری ہے؛وزیر خزانہ اسحاق ڈار،علاقائی روابط،دوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت کاسا1000 بجلی کے منصوبے کیلئے افغان راہداری کے مسئلے کو جلدحل کیا جائے،پا کستان کیلئے1ارب 70کروڑ ڈالرکی مجموعی امداد پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے ممنون ہیں؛ چین کے ترقیاتی بنک کے نائب گورنر ،افغانستان کے نائب وزیر خزانہ، ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدرسے ملاقاتیں

بدھ 7 مئی 2014 07:36

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء) پاکستان اورچین نے دوطرفہ تعاون کومزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کیلئے مجموعی طور پر1ارب 70کروڑ ڈالرکی امداد پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر سے اظہار ِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاسا1000منصوبہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کیلئے ضروری ہے،علاقائی روابط ودوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت کاسا1000 بجلی کے منصوبے کیلئے افغان راہداری کے مسئلے کو جلدحل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے منگل کو آستانہ میں چین کے ترقیاتی بنک کے نائب گورنر زو زیاؤ ،افغانستان کے نائب وزیر خزانہ احمد شفیق قاری زادہ اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر ٹاکیہکو نکاؤسے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چین کے ترقیاتی بنک کے نائب گورنر زو زیاؤکے ساتھ ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاک چین دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کے توانائی کے شعبے کیلئے کی جانے والی معاونت قابلِ ستائش ہے اور دونوں ملک مستقبل میں بھی دوطرفہ تعاون کا فروغ جاری رکھیں گے۔

اس دوران انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پرافغانستان کے نائب وزیر خزانہ احمد شفیق قاری زادہ کی سربراہی میں ایک افغان وفد نے بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔اسحق ڈار نے افغان وفد کو پرامن صدارتی انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی اور علاقائی روابط دوطرفہ تجارت کے فروغ اور کاسا1000 بجلی کے منصوبے کے لئے افغان راہداری کے مسئلے کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

افغان وفد نے پاکستان کو معیشت کی بحالی کے آغاز اور پاکستان کی طرف سے حال ہی میں جاری کردہ یورو بانڈز کی عالمی منڈی میں بڑے پیمانے پر خریداری پر مبارکباد دی۔ اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر ٹاکیہکو نکاؤسے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کیلئے مجموعی طور پر1ارب 70کروڑڈالرکی امداد پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر سے اظہار ِ تشکر کرتے ہوئے کہا ایشیائی ترقیاتی بنک کی امداد سے پاکستان میں توانائی کے بحران اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 90کروڑ ڈالر کی رقم جامشوربجلی منصوبے پر خرچ کی جائیگی جبکہ 40کروڑ ڈالر ترقیاتی منصوبوں اور 43کروڑ ڈالر غریب افراد کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خرچ کئے جائینگے۔اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر پاکستانی کی معیشت میں بہتری کے آثارپر حکومتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملکی معیشت جلد اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائیگی۔