کراچی اسٹاک مارکیٹ دوسرے روز بھی شدید مندی کی زد میں رہی،کے ایس ای100انڈیکس مزید 3نفسیاتی حد سے نیچے گر گیا ، انڈیکس28600پوائنٹ سے کم ہو کر28300پوائنٹ کی سطح آگیا

بدھ 7 مئی 2014 07:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی شدید مندی کی زد میں رہی اور کے ایس ای100انڈیکس مزید 3نفسیاتی حد سے نیچے گر گیا اور انڈیکس28600پوائنٹ سے کم ہو کر28300پوائنٹ کی سطح آگیا ،فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے64ارب سے زائد روپے ڈوب گئے اسی وجہ سے کاروباری لین دین پیر کی نسبت5کروڑ شیئرز کم رہا ۔

گذشتہ کئی دنوں سے جاری مندی کے رجحان کے سبب منگل کے روز بھی سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اورنئی سرمایہ کاری سے گریز کیا جبکہ مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع خوری کاعنصر غالب رہا جس کی وجہ سے کم قیمت حصص کی فروخت کا دباؤ بھی دیکھا گیا ۔تجزیہ کاروں کے مطابق بڑے ٹریگر کی غیر موجودگی اورغیر یقینی سیاسی صورتحال غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے عدم دلچسپی کا سبب بنا ہوا ہے اور یہ مقامی سرمایہ کاروں کے لئے منفی اشارہ ہے کیونکہ نتائج کا دور بھی ختم ہو چکا ہے اور کسی بڑے ٹریگر کی عدم موجودگیسے اس بات کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں300سے400پوائنٹ مزید گرواٹ آسکتی ہے ،کراچی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں جبکہ وفاقی بجٹ میں کیپٹل گین ٹیکس کے حوالے سے خدشات نے بھی سرمایہ کار کوسائیڈ لائن کر رکھا ہے ،بجٹ میں ایکوٹی مارکیٹ کے حوالے سے خدشات دور ہونے تک بہتری کے آثار دکھائی نہیں دے رہے اس وجہ سے گذشتہ چند دنوں سے مارکیٹ اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ نہیں کر پا رہی ۔

(جاری ہے)

منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 28600، 28500 اور 28400کی نفسیاتی حدوں کو کھو بیٹھا اور 246.43پوائنٹ کی کمی سے کے ایس ای100انڈیکس28629.63پوائنٹ سے کم ہو کر28383.20پوائنٹ پر آگیا اسی طرح163.31پوائنٹ کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس19770.58پوائنٹ اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 21425.54پوائنٹ سے کم ہو کر 21224.84پوائنٹ پر بند ہوا ۔شدید کاروباری اتار چڑھاؤ کے دوران فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں64ارب9کروڑ25لاکھ18ہزار 412روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 68کھرب66ارب31کروڑ56لاکھ 2ہزار 499روپے سے کم ہو کر68کھرب 2ارب22کروڑ30لاکھ 84ہزار87روپے ہو گئی ۔

منگل کو مارکیٹ میں13کروڑ47لاکھ20ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ پیر کو18کروڑ20لاکھ17ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر345کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،238میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے سمٹ بینک 1کروڑ33لاکھ ،سونیری بینک لمیٹڈ1کروڑ6لاکھ ،سلک بینک لمیٹڈ82لاکھ ، جہانگیر صدیق کمپنی 64لاکھ اور این آئی بی بینک 55لاکھ حصص کے سودو ں سے سرفہرست رہے ۔

قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے رفحان میظ کے بھاؤ میں185روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ میں49روپے کا اضافہ جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں100روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں42.75روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :