نیب ایگزیکٹو بورڈ نے ترک کمپنی کارکے کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ، بی آئی ایس پی وغیرہ کے افسران و حکام، بلوچستان کے دو سابق وز راء سمیت دیگر کیخلاف پانچ انکوائریوں اور ا مین فہیم کیخلاف معلوم ذرائع سے زائد آمدن پر تحقیقات کا فیصلہ، انکوائریاں اور تفتیش تیزی سے مکمل اور متعلقہ عدالتوں میں کیسوں کی بھرپور پیروی کی جائے،چیئرمین نیب کی ہدایت

جمعرات 8 مئی 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء)قومی احتساب بیورو(نیب ) کے ایگزیکٹو بورڈ نے ترک کمپنی کارکے کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کے ملزمان میں سابق وزیراعظم اور وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف سمیت پانی و بجلی کے دو سابق سیکرٹریوں ، پیپکو کے دو سابق منیجنگ ڈائریکٹرز ، پی پی آئی بی کے سابق ایم ڈی پیپکو کے موجودہ ایم ڈی اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کے تین چیف ایگزیکٹو افسران شامل ہیں جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وغیرہ کے افسران اور حکام، بلوچستان کے دو سابق وزیروں سمیت دیگر کیخلاف پانچ انکوائریوں اور رکن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم کیخلاف معلوم ذرائع سے زائد آمدن پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ انکوائریاں اور تفتیش تیزی سے مکمل اور متعلقہ عدالتوں میں کیسوں کی بھرپور پیروی کی جائے ۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بدھ کو چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں ترک کمپنی کارکے کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی جس کے ملزمان میں کمپنی کے ڈائریکٹرز سمیت حکومتی اہلکار اور عہدیدار شامل ہیں جن میں کارکے کے بابر ذوالقرنین ، سابق وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف ، دو سابق سیکرٹریز پانی و بجلی اسماعیل قریشی اور شاہد رفیع ، پیپکو کے سابق ایم ڈیز فضل احمد اور طاہر بشارت چیمہ ، پیپکو کے بورڈ ممبران ، سابق ایم ڈی پی پی آئی بی فیاض الٰہی اور موجودہ ایم ڈی این اے زبیری ، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کے تین سی ای اوز اور دیگر شامل ہیں ۔

میسرز کارکے نے اپنے ڈائریکٹرز ، حکومتی اہلکاروں اور عوامی عہدے رکھنے والوں کے ساتھ مل کر کئی غیر قانونی اقدامات کئے جن میں کابینہ اور ای سی سی کو گمراہ کرکے کئی فیصلے لئے گئے ، حقائق چھپائے گئے ، نیلامی کے طریقہ کار اور معیار کو تبدیل کیا گیا ، نیلامی کے بعد پیپرا قواعد کی خلاف ورزی کی گئی اور معاونین کو غیر قانونی فوائد پہنچائیں گے اس کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر کارکے کمپنی سے بارہ کروڑ اسی لاکھ ڈالر بمعہ سود اور مختلف معاونین اور سرکاری عہدیداروں سے 79کروڑ 27لاکھ روپے وصول کرنا ہیں ۔

بورڈ نے خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ طارق اعوان کیخلاف انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرنے کی منظوری دی ان پر جعلی اور غیر مستحق لوگوں کو تعلیمی وظائف دینے کا الزام ہے ۔ بورڈ نے پانچ انکوائریز کی منظوری دی جن میں بلوچستان کے سابق وزیر خوراک اسفند یار کاکڑ ، بلوچستان کے سابق سیکرٹری خوراک علی بخش بلوچ اور دیگر کیخلاف انکوائری شامل ہے ان پر ضلع قلع عبداللہ میں گندم کی خریداری میں خرد برد کرکے قومی خزانے کو 29کروڑ 28لاکھ 78ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر کیخلاف دوانکوائریوں کی منظوری دی گئی جس میں ایک اشتہاری کمپنی کو غیر قانونی کمپنی کو غیر قانونی طورپر پیپرا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتہار دینے ، غیر قانونی تقرریاں اور غیر مستحق لوگوں کو جعلی ادائیگیاں شامل ہیں ۔ بورڈ نے سٹیٹ بینک کی جانب سے بھیجے گئے قرض نادہندگی کے دو کیسوں کی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا جن میں ایک میسرز کاشر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ اور اس کے ڈائریکٹرز و ضامنوں کیخلاف یو بی ایل کو 12کروڑ 69لاکھ 72ہزار روپے کی عدم ادائیگی کا کیس شامل ہے بورڈ نے بینک آف پنجاب کے نادہندگی کیس میں ہمایوں نصیر خان کیخلاف 7کروڑ 74لاکھ 46ہزار روپے ادا نہ کرنے کی انکوائری کی بھی منظوری دی ۔

بورڈ نے رکن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم کیخلاف معلوم ذرائع سے زائد اثاثے رکھنے کی تصدیق کی بھی منظوری دی ۔ چیئرمین نے نیب کے علاقائی سربراہوں اور پراسکیوشن ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ انکوائریاں اور تفتیش تیزی سے مکمل اور متعلقہ عدالتوں میں کیسوں کی بھرپور پیروی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :