پاکستانی ہاکی کو ترقی دینے کیلئے ویژن 2020 کے مطابق دو جونیئرز ٹیمیں بنائی جارہی ہیں جو آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کھیلیں گی، رانا مجاہد ، امید ہے رواں سال وزیر اعظم قومی بجٹ میں قومی کھیل ہاکی کیلئے خطیر رقم مختص کریں گے،صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 8 مئی 2014 07:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے کہاہے کہ پاکستانی ہاکی کو ترقی دینے کیلئے ویژن 2020 کے مطابق دو جونیئرز ٹیمیں بنائی جارہی ہیں جو آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کھیلیں گی، امید ہے رواں سال وزیر اعظم قومی بجٹ میں قومی کھیل ہاکی کیلئے خطیر رقم مختص کریں گے ۔بدھ کوکراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا کہ ہاکی کو بھنور سے نکالنے کا کام جاری ہے جب عہدہ سنبھالا تو پاکستانی ہاکی جونیئرز اور سینئرز میں تقسیم ہوچکی تھی جسے ختم کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی میں سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ فعال بنادیا گیا ہے جبکہ جونیئرز کو بھی تربیت دی جارہی ہے تاکہ مستقبل میں پاکستان کیلئے کھیل سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کھیلی جانے والی ہاکی ختم ہونے سے ہاکی کے کھیل کو نقصان پہنچا ،ڈومیسٹک ٹورنامنٹ بحال کردئیے گئے ہیں تمام اکیڈمیزسال میں چھ ٹورنامنٹ لازمی کھیلیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کو ترقی دینے کیلئے ویژن 2020پر کام جاری ہے جس کے تحت پہلے ایک جونیئر ٹیم کو تیار کیا جائے گا جو ہاکی ورلڈ کپ2016کھیلے گی ساتھ ساتھ بیک اپ کیلئے ایک مزید جونیئر ٹیم بھی بنائی جائے گی۔رانا مجاہد نے کہا کہ اسکولوں میں بھی ہاکی کو لازمی قرار دلوانے کیلئے تجویز دی ہے جسکے تحت ہر سال اسکول میں ہاکی کا ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس کم کھیلنے کی وجہ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے تیار کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کو قومی بجٹ میں قومی کھیل کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز دی ہے امید ہے وزیر اعظم اسے منظور کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کے پاس اپنے کوئی وسائل نہیں اسی لئے وزیراعظم سے گذارش ہے کہ رواں سال کے بجٹ میں قومی کھیل کیلئے رقم مختص کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 50برس میں فیڈریشن کو 81کروڑ روپے ملے ہیں ،120کروڑ ملنے کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہاکی کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں جبکہ ہاکی فیڈریشن اپنے آپ کو سیاست سے دور رکھنا چاہتی ہے تاکہ ہاکی کو فروغ دیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کے ساتھ ہاکی کھیلنے کیلئے 20جون کو پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے امید ہے حکومت پاکستان بھارتی حکومت سے بات کرکے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد یقینی بنائے گی ۔

متعلقہ عنوان :