11 مئی کو انسانی سروں کا سمندر نکلے گا، اب عوام کے چہروں سے سرخی چھیننے والوں سے کھلی جنگ ہوگی، علامہ طاہر القادری،اپنی زندگی انقلاب کیلئے وقف کردی ہے کوئی طاقت اب انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی ، سبز انقلاب کا سورج جلد طلوع ہوگا جب استحصال اور ظلم کی اندھیری رات ختم ہوجائیگی، کارکن انقلابی مہم کو مزید تیز کریں جلد فائنل راؤنڈ کی کال دی جائیگی ،عوامی تحریک راولپنڈی، اسلام آباد کے عہدیداران کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب ، ڈ اکٹر طاہرالقادری کے موقف کو مکمل اتفاق کرتا ہوں،اس وقت ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے ،11مئی کوعوامی تحریک کی راولپنڈی میں ہونے والی ریلی میں ضرورشرکت کروں گا،شیخ رشید احمد،مسلم لیگ (ق) کا عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج کی اخلاقی حمایت کااعلان ،عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ریلیوں میں شریک نہیں ہونگے، اخلاقی حمایت کرتے ہیں ،شجاعت حسین

جمعہ 9 مئی 2014 07:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد علامہ طاہر القادری نے کہاہے کہ 11 مئی کو انسانی سروں کا سمندر نکلے گا، اب عوام کے چہروں سے سرخی چھیننے والوں سے کھلی جنگ ہوگی، اپنی زندگی انقلاب کیلئے وقف کردی ہے کوئی طاقت اب انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی ، سبز انقلاب کا سورج جلد طلوع ہوگا جب استحصال اور ظلم کی اندھیری رات ختم ہوجائیگی، کارکن انقلابی مہم کو مزید تیز کریں جلد فائنل راؤنڈ کی کال دی جائیگی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عوامی تحریک کی ریلی میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ ڈ اکٹر طاہرالقادری کے موقف کو مکمل اتفاق کرتا ہوں،اس وقت ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے ،11مئی کوعوامی تحریک کی راولپنڈی میں ہونے والی ریلی میں ضرورشرکت کروں گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز عوامی تحریک راولپنڈی، اسلام آباد کے عہدیداران کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ موجودہ کرپٹ نظام کو مسمار کرنے کیلئے فائنل کال جلد دوں گا۔نظام انتخاب کرپٹ ترین ہے جسے اکھاڑے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا۔اللہ کا کرم ،میرا یقین ،اعتماد اور عوام میری طاقت ہیں۔اس دفعہ کسی حکمران سے مذاکرات نہیں ہونگے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 4حلقے نہیں پورا پاکستان کرپشن اور دھاندلی میں ہے۔11مئی کو انقلاب کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا ۔اصلاحات کی بات ڈی چوک کے دھرنے میں ہو چکی اب پہلی اور آخری ترجیح صرف انقلاب ہے۔موجودہ حکومت کو چند ماہ اور مل گئے تو عوام زندہ درگو ہو جائینگے اس لیے عوام 11مئی کو گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو پیغام دیں گے کہ ان کے اقتدار کا سورج کسی بھی وقت غروب ہو سکتا ہے ۔

سبز انقلاب اس دھرتی کا مقدر ہے اور عوام اپنی تقدیر خود لکھیں گے ۔11مئی کو جماعت انقلاب کی اقامت کہی جائے گی اورصفوں کی درستگی کے بعد اسکی امامت کے کیلئے وطن آ جاؤنگا۔دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عوامی تحریک کی ریلی میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ ڈ اکٹر طاہرالقادری کے موقف کو مکمل اتفاق کرتا ہوں،اس وقت ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے ،11مئی کوعوامی تحریک کی راولپنڈی میں ہونے والی ریلی میں ضرورشرکت کروں گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو عوامی تحریک کے رہنماؤں سردارمنصورخان،ملک افضل،غلام علی خان،ملک طاہر جاوید،راجہ ندیم سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ6مہینوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے وعدے کرنے والوں نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے عوامی مسلم لیگ پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہے اور غریب کامقدر بدلنے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

اب عوام کو اپنے حقوق کے لیے اٹھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ سردارمنصورخان نے کہا کہ11مئی کے روز ہونے والی عوامی تحریک کی پر امن احتجاجی ریلی میں عوام اپنے حق کے لیے راولپنڈی کے چاندنی چوک مری روڈ پر پہنچیں گے اوراپنے بنیادی حقوق کے لیے آئین پاکستان کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دیں گے۔

11 مئی کو عوام موجودہ کرپٹ نظام ِ سیاست کے خلاف اتنی بڑی تعداد میں سڑکوں پر آئیں گے کہ حکمران خود اقتدار چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ق) نے عمران خان اور طاہر القادری کے احتجاج کی اخلاقی حمایت کااعلان کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی ریلیوں میں شریک نہیں ہونگے ان کی اخلاقی حمایت کرتے ہیں ۔ انتخابی اصلاح کے حوالے سے مطالبہ درست ہے انہوں نے کہا کہ گیارہ مئی کے انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوچکی ہے نواز لیگ نے ریٹرننگ افسران کے ساتھ مل کر جو کھیل کھیلا اس سے پردہ اٹھ گیا ہے انتخابات میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے طاہر القادری نے پہلے ہی بتا دیا کہ گیارہ مئی کو الیکشن نہیں سلیکشن ہوگی ۔