کراچی، ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس پی سکرنڈ کے سرکاری گارڈز کا گھر پر دھاوا ،فائرنگ کے تبادلہ میں اے لیول کا طالب علم اور پولیس اہلکار جاں بحق دو افراد زخمی

جمعہ 9 مئی 2014 06:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس پی سکرنڈ کے سرکاری گارڈز کا ایک گھر پر دھاوا ، فائرنگ کے تبادلہ میں اے لیول کا طالب علم اور پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ، پولیس نے سرکاری گارڈز اور ایس پی کے زخمی بیٹے کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس پی سکرنڈ غلام سرور ابڑو کے بیٹے سلمان ابڑو کا اس کے دوست سلیمان مصطفیٰ لاشاری سے جھگڑا ہوا۔

اس دوران سلمان ابڑو کے ساتھ آنے والے پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے اے لیول کا طالبعلم سلیمان مصطفیٰ لاشاری موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ سلیمان لاشاری کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے پولیس اہلکارجاں بحق اور ایس پی کا بیٹا سلمان ابڑو زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلہ میں سلیمان مصطفیٰ لاشاری کے گھر پر تعینات ایک سیکورٹی گارڈ علی گل بھی زخمی ہوا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کواسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق جھگڑے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ، مقتول سلیمان لاشاری زمیندار سردار غلام مصطفیٰ حسین لاشاری کا بیٹا ہے جبکہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا اہلکار ظہیر ایس پی غلام سرور کے ساتھ سکرنڈ میں تعینات تھا۔ مقتول سلیمان مصطفیٰ لاشاری کے باپ کا کہنا ہے کہ گھر میں گھس کر اس کے بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔آئی جی سندھ اقبال محمود اور ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ پولیس نے زخمی سلمان ابڑو اور تین گن مینوں کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔ واقعہ میں استعمال ہونے والی ڈبل کیبن گاڑی بھی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :