چیئرمین پی سی بی نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں: محسن خان،محسن حسن خان کے الزام انگورکھٹے ہیں کی مثال ہے ،پی سی بی ،کوچ کیلئے ان کی سفارش کونہیں ماناگیااس لئے وہ ایسی باتیں بنارہے ہیں ،ترجمان

جمعہ 9 مئی 2014 06:42

کراچی،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور کوچ محسن حسن خان کو ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی تقرری پسند نہیں آئی۔ کہتے ہیں کہ کوچنگ سٹاف کا اشتہار دیکر شائقین کو بے وقوف بنایا گیا۔ وہ کراچی میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کوچ محسن حسن خان نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے بورڈ میں کوئی عہدہ نہ ملنے پر اپنا غصہ نکالتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کا ڈرامہ رچایا۔ پی سی بی نے ہیڈ کوچ کی تقرری کے معاملے پر قوم کو بیوقوف بنایا جس سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کوچ نے اپنی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے سربراہ کو یس مین چاہیے۔

(جاری ہے)

ملک کی عزت خراب کرنے والوں کو مزید موقع نہیں دینا چاہیے تھا لیکن بورڈ نے انہیں ہی منتخب کیا۔ واضع رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے محسن حسن خان نے بھی بورڈ میں اپنی درخواست جمع کروائی تھی۔ادھرپاکستان کرکٹ بورڈنے محسن حسن خان کے الزام کے ردعمل میں کہاکہ محسن خان کی الزام تراشی انگورکھٹے ہیں کی مثال ہے ،کوچ کیلئے ان کی سفارش کونہیں ماناگیا،اس لئے وہ ایسی باتیں بنارہے ہیں ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پی سی بی ترجمان نے بیان میں کہاہے کہ محسن حسن خان کے الزام انگورکھٹے ہیں کی مثال ہیں ،کوچ بننے کیلئے ان کی سفارش کونہیں ماناگیااس لئے وہ ایسی باتیں بنارہے ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ محسن خان خودبھی وقاریونس کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں ۔وہ ذمہ داری سنبھالنے والوں کوداغ دارکہتے ہیں لیکن خودبھی ان کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :