رینٹل پاور قومی خزانہ لوٹنے کا منصوبہ تھا،زراعت پیلی اور صنعتوں کی چمنیوں کا دھواں بند ہو چکا ہے،شہباز شریف،ماضی کے حکمران سایوں کا پیچھا کرتے رہے،ترقی کے خلاف احتجاج کرنیوالے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں، ایک دھیلیکی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا،وزیر اعلیٰ کا قائد اعظم شمسی توانائی منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 مئی 2014 07:21

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف نے کہا ہے کہ رینٹل پاور منصوبے قومی خزانے کو لوٹنے کا منصوبہ تھازراعت پیلی اور صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو چکا ہے۔ماضی کے حکمران سایوں کا پیچھا کرتے رہے۔ آج ترقی کے خلاف احتجاج کرنیوالے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں۔ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا۔

چین کی 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بہت بڑا تحفہ ہے۔قائد اعظم شمسی توانائی منصوبہ سے اسی سال بجلی کی پیدوار شروع ہو جائیگی۔وہ جمعہ کو یہاں قائد اعظم شمسی توانائی منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج جہاں یہ منصوبہ لگایا گیا ہے یہاں ریت اور سورج کی شعاعیں نہیں بلکہ پاکستان کی تیل اور گیس ہے اوریہ وہ منصوبہ ہے جو آنیوالے سالوں اور دہائیوں پر محیط ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چولستان میں شمسی توانائی کے منصوبہ سے پیدا ہونیوالی ایک ہزار میگاواٹ بجلی سے جہاں جنوبی پنجاب میں خوشحالی ہو گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے وہاں پورا پاکستان جگمگائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبہ تیل اور گیس کے بغیر 25سال تک بجلی دے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی اور توانائی بحران سے ملکی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے سولر پارک منصوبہ کا سنگ بنیاد وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن اور سوچ کی عکاسی ہے جو ماضی میں کوئی لیڈر نہ کر سکا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک میں ابتدائی دس میگاواٹ سے بہاولپور کو سپلائی شروع ہو گی جس سے مساجد آباد ہونگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اسی طرح جلد ہی نندی پور کے علاوہ ساہیوال میں1320میگاواٹ کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا ۔