پاکستان کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کی مخالفت،جی 4 ممالک کی مستقل رکنیت کے حصول کے بعد غیر ضروری مراعات حاصل کرنے کا خدشہ ہے ، اس کے برعکس اٹلی اور کولمبیا کی پیشکش کی حمایت کی جاسکتی ہے،مسعود خان کا سلامتی کونسل کی اصلاحات پر جاری بحث کے دوران خطا ب

ہفتہ 10 مئی 2014 07:21

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کردی ہے ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اصلاحات پر جاری بحث کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے کہا ہے کہ کہ جی فور میں شامل ممالک جرمنی، انڈیا ، برازیل اور جاپان سمجھتے ہیں کہ وہ طاقتور اور مالی طور پر مستحکم ہیں جس کی بنا پر وہ سلامتی کونسل کے مستقل ممبر کی حیثیت لینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جی فور ممالک اپنے مفادات کیلئے غیر مستقل رکن ممالک کے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں جبکہ جی فور ممالک چاہتے ہیں کہ دیگرارکان بھی سیکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر بنانے کے لئے ان کی حمایت کریں تاہم انہیں واضح اکثریت حاصل نہیں۔مسعود خان کا کہنا تھا کہ جی 4 ممالک کی جانب سے سیکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت کے حصول کے بعد غیر ضروری مراعات حاصل کرنے کا خدشہ ہے جبکہ اس کے برعکس اٹلی اور کولمبیا کی پیشکش کی حمایت کی جاسکتی ہے جس میں تمام غیر مستقل رکن ممالک کے مفادات کو تحفظ حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :